Live Updates

صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری سے برطانوی ہائی کمیشن کے تین رکنی وفد کی ملاقات

نواز شریف کی 6ہفتے کی رہائی کے بعد باقی قیدی بھی اسی بنیاد پر بیماری کے علاج کے لئے رہائی کا مطالبہ کرسکتے ہیں سزا 6ہفتے کے لئے معطل کی گئی ہے ختم نہیں ہوئی، عدالتی فیصلے کی روشنی میں وہ علاج کے لئے بیرون ملک نہیں جاسکتے‘میڈیا سے گفتگو

منگل 26 مارچ 2019 19:36

صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری سے برطانوی ہائی کمیشن کے تین رکنی وفد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری سے برطانوی ہائی کمیشن کے تین رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وزیراطلاعات کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں برطانیہ اور پاکستان کے درمیان جاری تعاون میں مزید اضافے پر اتفاق رائے کیا گیا۔ملاقات میں برطانوی ہائی کمشن کے نئے فرسٹ سیکرٹری پولیٹیکل سٹیفن ہل ، سبکدوش ہونے والے ٹام ڈی فان بلینک اور محمد سعد پالیسی آفیسر نے شرکت کی۔

سید صمصام علی بخاری نے وفد کے ارکان کو بتایا کہ پی ٹی آئی کی حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں کو تبدیلی کا بنیادی ذریعہ سمجھتی ہے۔ وزیراعظم عمران کی واضح حکمت عملی کے مطابق ہم انسانی ترقی کے امور پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی حکومت کے ادارے ڈیفڈ نے جس طرح شعبہ تعلیم میں پاکستانی حکومت کی معاونت کی ہے وہ قابل تحسین ہے ہم برطانیہ سے تعلیم کے شعبے میں مزید تعاون کے خواہاں ہیں۔

وفد کے ارکان نے تعلیم و صحت سمیت تمام شعبوں میں موجودہ حکومت کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ حکومتی کوششیں ثمر بار ہو رہی ہیں اور پاکستانی معاشرے میں تبدیلی اور آگے بڑھنے کے جذبے کو واضح طور پر محسوس کیا جاسکتا ہے۔ بعدازاں سید صمصام علی بخاری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی 6ہفتے کے لئے ضمانت پر رہائی کے حوالے سے صحافیوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو 6ہفتے کے لئے ضمانت پر رہائی کے بعد باقی قیدی بھی اس فیصلے کی بنیاد پر بیماری کے علاج کے لئے اپنی رہائی کا مطالبہ کرسکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی سزا 6ہفتے کے لئے معطل کی گئی ہے اسے ختم نہیں کیا گیا اور عدالتی فیصلے کی روشنی میں وہ علاج کے لئے بیرون ملک نہیں جاسکتے ۔انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں اور ہمیں قانون کے مطابق چلنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ٹرین مارچ کی وجہ سب جانتے ہیں کہ وہ جمہوریت کے نام پر عوام کی توجہ اپنی قیادت کے خلاف درج کرپشن کے کیسوں اور گرفتاریوں سے ہٹانا چاہتی ہے لیکن ایسے ہتھکنڈوں سے حکومت ہرگز بلیک میل نہیں ہوگی۔ یہ احتجاج جمہوریت کے لئے نہیں کیونکہ جمہوریت تو پہلے ہی ملک میں موجود ہے ۔ یہ احتجاج صر ف اور صرف کرپشن کیسز ختم کرنے کے لئے ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات