Live Updates

بجلی، گیس اورمہنگائی میں اضافے کے حوالے سے سٹیٹ بنک کی تازہ رپورٹ تشویشناک ہے‘امیر العظیم

8کے انتخابات میں قوم کو گمراہ کیاگیا،ایسے لوگوں کو مسلط کردیا گیا ہے جن کے پاس کوئی ایجنڈا ہی نہیں‘امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب

منگل 26 مارچ 2019 19:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ مہنگائی،بے روزگاری اور غربت نے عوام کی زندگی مشکل ترین بنادی ہے۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص حکومتی کارکردگی سے شدید مایوس ہوچکا ہے۔موجودہ حکومت بھی ماضی کی حکومتوں کی طرح عوامی مسائل کوحل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکمرانوں کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کے حوالے سے زبانی کلامی اور کھوکھلے دعوئوں کے سوا کوئی مثبت اور ٹھوس حکمت عملی نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھو ں نے گزشتہ روزمنصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ایک طرف وزیر خزانہ اسد عمر بجلی، گیس کے نرخوں میں اضافے ، آئی ایم ایف سے مذاکرات کی کامیابی کی خبریں اورمالیاتی خسارے پر قابو نہ پانے کے اعلانات کرکے عوام کو تشویش میں مبتلا کررہے ہیں تو دوسری طرف سٹیٹ بنک موجودہ معاشی صورتحال کوغیر تسلی بخش قرار دے کر عوام کو مہنگائی میں مزید اضافے کی اطلاعات دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ صرف سات ماہ میں تحریک انصاف کی حکومت نے 3ہزار ارب روپے کا قرضہ حاصل کیا ہے۔ روپیہ مسلسل اپنی قدر کھو رہا ہے اور یہ سستا ہونے سے پٹرولیم مصنوعات مہنگی، افراط زر کے دبائو میں خوفناک اضافہ اور برآمدات کا ہدف حاصل کرناممکن دکھائی نہیں دیتا۔انھوں نے کہاکہ انتخابات سے قبل عمران خان قوم کو خود انحصاری اور خود مختاری کی مثالیں دیا کرتے تھے اور آئی ایم ایف کے پاس جانے کوخود کشی کے مترادف قراردیتے تھے ، آج وہی حکمران نہ صرف دنیاکے سامنے کشکول تھام کر بھیک مانگ رہے ہیں بلکہ آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط پر من و عن عمل در آمد کرتے نظر آتے ہیں۔

قوم کو 2018ء کے انتخابات میں گمراہ کیا گیا ، آج بد قسمتی سے ایسے حکمران مسلط ہوگئے ہیں، جن کا اپنا کوئی ایجنڈا نہیں۔ انھوں نے کہا کہ معاشی لحاظ سے پاکستان سنگین صورتحال سے دوچار ہے۔ عوام کو ریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں۔ مہنگائی میں کئی گنااضافہ ہوچکا ہے۔ کاروبار ٹھپ اور سرمایہ دار پاکستان آنے سے گھبراتے ہیں۔ حکمرانوں کے کھوکھلے دعوئوں اور جھوٹے وعدوں کی حقیقت کھل کر سامنے آچکی ہے۔امیرالعظیم نے مزیدکہاکہ سودی نظام نے معیشت کومفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مدینہ کی فلاحی ریاست کی بات کرنے والے سودی طرز معیشت کو ترک کرکے اسلامی معاشی نظام کو اختیار کریں۔ جب تک ہم سودی نظام سے نجات حاصل نہیں کریں گے ترقی و خوشحالی ممکن نہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات