ملائیشیا کی پروٹان کمپنی کے بعد ایک اور کار ساز ادارے کی جانب سے گاڑیوں کے پلانٹ کے آغاز کا اعلان

ماسٹر موٹرز چینی کمپنی کے اشتراک کے ساتھ اگلے ماہ اپریل سے پاکستان میں گاڑیوں کی پیداوار کے کام کا آغاز کر دے گی

muhammad ali محمد علی منگل 26 مارچ 2019 19:47

ملائیشیا کی پروٹان کمپنی کے بعد ایک اور کار ساز ادارے کی جانب سے گاڑیوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ2019ء) ملائیشیا کی پروٹان کمپنی کے بعد ایک اور کار ساز ادارے کی جانب سے گاڑیوں کے پلانٹ کے آغاز کا اعلان، ماسٹر موٹرز چینی کمپنی کے اشتراک کے ساتھ اگلے ماہ اپریل سے پاکستان میں گاڑیوں کی پیداوار کے کام کا آغاز کر دے گی۔ تفصیلات کے مطابق ماسٹر موٹرز نامی کمپنی نے ایک چینی کمپنی کے اشتراک سے پاکستان میں گاڑیوں کی پیداوار کا اعلان کیا ہے۔

ماسٹر موٹرز کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ حکومتی پابندیوں میں نرمی کے بعد اگلے ماہ اپریل سے ماسٹر موٹرز کاروں اور وینز کی پیداور کے کام کا آغاز کر دے گی۔ جبکہ کمپنی جلد ہی ایس یو وی گاڑیاں بھی تیار کرے گی۔ اس مقصد کیلئے کمپنی نے 100 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ماسٹر موٹرز چینی کمپنی کے اشتراک سے سالانہ 30 ہزار گاڑیاں تیار کر سکتی ہے، جبکہ کمپنی کی کوشش ہے کہ مستقبل میں پاکستان میں تیار کی جانے والی گاڑیاں بیرون ممالک بھی فروخت کی جائیں، یوں پاکستان کو اس عمل سے کثیر سرمایہ حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دوسری جانب ملائیشین کارساز کمپنی پروٹان بھی پاکستان میں کارکی فیکٹری لگائیگی۔ پروٹان کار کی فیکٹری کراچی میں لگائی جائے گی۔ پروٹان کار ساز کمپنی ملائیشین کمپنی ہے جو کہ 1986 سے کار سازی کررہی ہے اور اب تک 30 لاکھ کاریں فروخت کرچکی ہے۔ پروٹان کمپنی کی کاریں برطانیہ، سنگاپور، آسٹریلیا سمیت 25 ملکوں میں فروخت کی جاتی ہیں۔ جبکہ اب اس گاڑی کا پلانٹ پاکستان میں بھی لگایا جائے گا۔