Live Updates

پاکستان وہ وطن نہیں جو وراثت میں اس کے بسنے والوں کو ملا ہے،مشتاق احمد غنی

پاکستان کی بنیادیں استوار کرنے کے لیے متحدہ ہندوستان کے مسلمانوں کی ہڈیاں اینٹوں کی جگہ اور خون پانی کی جگہ استعمال ہوا ہے

منگل 26 مارچ 2019 22:42

پاکستان وہ وطن نہیں جو وراثت میں اس کے بسنے والوں کو ملا ہے،مشتاق احمد ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2019ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا کہ پاکستان وہ وطن نہیں جو وراثت میں اس کے بسنے والوں کو ملا ہے بلکہ پاکستان کی بنیادیں استوار کرنے کے لیے متحدہ ہندوستان کے مسلمانوں کی ہڈیاں اینٹوں کی جگہ اور خون پانی کی جگہ استعمال ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے دوحہ (قطر) میں پی ٹی آئی چیپٹر کی طرف سے منعقد کردہ پروگرام سے دورانِ خطاب کیا، تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش ،پی ٹی آئی متحدہ عرب امارات کے صدر، پی ٹی آئی قطر کے صدر و جنرل سیکرٹری اور دیگر تحریکی رہنماہ بھی شریک تھے۔

مشتاق احمد غنی نے کہا کہ ایک طویل جدوجہد کے بعد ہمیں یہ ملک ملا جس کی قدر ہمیں کرنا ہو گی، آزادی کے بعد پاکستان بہت تیزی سے ترقی کر رہا تھا لیکن بدقسمتی سے بعد میں نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے اس پاک سرزمین کو بہت نقصان پہنچا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ اب اس ملک کا نظام ایک مردِ مجاہد کے ہاتھوں میں آ چکا ہے جسے دنیا عمران خان کے نام سے جانتی ہے جو حقیقی معنوں میں اس ملک کے لیے کچھ کرنے کا عزم لے کر آیا اور جس پر پوری قوم کا اعتماد ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان درست سمت میں چل پڑا ہے اور ہم یہ بات یقین سے کہہ سکتے ہیںکہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کا نام ایک عظیم ریاست کے طور پر لیا جائے گا۔ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے اتنی شاندار تقریب منعقد کروانے پر انتظامیہ کی کاوشوں کوسراہا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات