گیس کمپنیوں کی سفارش پرگیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائیگا ، وزیر پٹرولیم کااعلان

زیرِسمندر تیل و گیس کی دریافت کے حوالے سے اچھی خبر کی امید ہے، وزیر اعظم نے تین ہفتوں میں خوشخبری دینے کی بات کی ہے، صحافیوں سے گفتگو

منگل 26 مارچ 2019 23:22

گیس کمپنیوں کی سفارش پرگیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائیگا ، وزیر پٹرولیم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہاہے کہ گیس کمپنیوں کی سفارش پرگیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائیگا ۔ منگل کو یہاں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیرپیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے وقت سلیبز کے تعین میں کوتاہی ہوئی، ہم پہلے بھی اپنی غلطی کا اعتراف کر چکے ہیں، اور اب اس کے ازالے کے لئے صارفین کو اضافی وصولیاں 30 جون تک واپس کردیں گے۔

(جاری ہے)

وزیرپیٹرولیم نے بتایا کہ گیس کمپنیوں نے گیس کی قیمتوں میں 147 فیصد اضافے کی سفارش کی ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا تاہم گیس کی قیمتوں میں 147 فیصد سے کم اضافہ ہوگا۔غلام سرور خان نے کہاکہ کہ زیرِسمندر تیل و گیس کی دریافت کے حوالے سے اچھی خبر کی امید ہے، وزیر اعظم نے تین ہفتوں میں خوشخبری دینے کی بات کی ہے، اب تک جو معلومات مل رہی ہیں اس سے توقع ہے کہ بڑا ذخیرہ ملے گا، ابھی ڈرلنگ کا عمل جاری ہے کچھ دن انتظار کرنا ہوگا پھر حتمی اعلان کریں گے۔