Live Updates

ٰحیدرآباد تباہ ہوگیا ، بجلی نہیں ہے ، واپڈا والے ٹرانسفارمر اتار کر لے جاتے ہیں،سید مصطفی کمال

110 فیصد مہنگائی بڑھ گئی ہے ، جس کا گھر 10ہزار روپے میں چلتا تھا اب وہ 21ہزار میں چلے گا yسندھ میں تعلیم اور صحت کیلئے کیا کررہے ہیں، میڈیا سے بات چیت

منگل 26 مارچ 2019 23:36

ٰحیدرآباد تباہ ہوگیا ، بجلی نہیں ہے ، واپڈا والے ٹرانسفارمر اتار کر ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ حیدرآباد تباہ ہوگیا ہے، بجلی نہیں ہے ، واپڈا والے ٹرانسفارمر اتار کر لے جاتے ہیں ۔ 110 فیصد مہنگائی بڑھ گئی ہے ، جس کا گھر 10ہزار روپے میں چلتا تھا اب وہ 21ہزار میں چلے گا۔ سندھ میں تعلیم اور صحت کیلئے کیا کررہے ہیں۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

مصطفی کمال نے کہاکہ عمران خان نیا وزیراعظم ہے اس سے ہمیں بڑی توقعات تھیں لیکن انہوں نے صوبے میں وزیراعلیٰ سے لڑائی کرلی اب ہمارے مسائل کون حل کرائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ پی ایس پی کے بارے میں پروپیگنڈا کیا جارہا تھا کہ وہ ختم ہوگئی ہے لیکن حیدرآباد کے مصطفی پارک میں ہونے والے جلسے کی کامیابی کے بعد یہ سب پروپیگنڈے بے سود ہوگئے ہیں بلکہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پی ایس پی الیکشن کے بعد سے مزید مضبوط ہوئی ہے جس کی واضح ثبوت جلسے میں موجود افراد میں پائے جانے والا جوش وخروش تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمیں خوشی اس بات کی ہے کہ ایک ہی پنڈال میں پنجابی، سندھی، مہاجر، پختون سب ساتھ بیٹھے تھے ، یہ ہمارا خواب تھا ، سیٹ والی پارٹی میں تو پہلے بھی ہم تھے جو سیٹیں جیتنے والی پارٹی نہیں کرسکی وہ ہم نے کردیا، بار بار الیکشن لڑیں گے ، انہوں نے کہاکہ جو ٹرین مارچ کررہے ہیں سندھ میں آج ان کی حکمرانی ہے ، انہیں چاہئے تھا کہ وہ ٹرین مارچ کے ذریعے بتاتے کہ انہوں نے غریب عوام کیلئے اب تک کیا کیا، کتنے لوگوں کو روزگار دیا ، تھر میں مرنے والے بچوں کی اموات کی روک تھام کیلئے اب تک کیا کیا ہے ، انہوں نے کہاکہ ہم نے اعلان کیا ہے کہ سندھ میں رہنے والے سندھی بھائیوں کو ہم انصار کا درجہ دیتے ہیں ۔

سندھی بھائیوں نے ہمارے لئے اپنی باہیں کھولیں ، ہمارے آباؤ اجداد یہاں آئے ، مرنے کے بعد ایک بھی مہاجر کی قبر بھارت میں نہیں بنتی ، ہمارے دونوں کے دکھ درد ایک ہیں لیکن دکھ دینے والا بھی ایک ہی ہے۔ ہم مظلوموں کی ایک قومیت بنے ۔ انہوں نے کہاکہ ہر حکومت کہتی ہے کہ ہم ملک کی جی ڈی پی کا 4.5فیصد تعلیم پر خرچ کرتے ہیں لیکن ہماری حکومت تعلیم پر 2فیصد خرچ کررہی ہے۔ ملک میں کرپشن اور افراتفری عام ہوگئی ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات