سوزوکی مہران کی پیداوار بند، پاک سوزوکی نے ایک نئی اور سستی گاڑی کی پیداوار کا آغاز کردیا

کمپنی کی جانب سے سوزوکی آلٹو کے آٹو میٹک اور مینوئل ماڈلز کی پاکستان میں ہی پیداوار کا آغاز کردیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 26 مارچ 2019 21:59

سوزوکی مہران کی پیداوار بند، پاک سوزوکی نے ایک نئی اور سستی گاڑی کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ2019ء) سوزوکی مہران کی پیداوار بند، پاک سوزوکی نے ایک نئی اور سستی گاڑی کی پیداوار کا آغاز کردیا، کمپنی کی جانب سے سوزوکی آلٹو کے آٹو میٹک اور مینوئل ماڈلز کی پاکستان میں ہی پیداوار کا آغاز کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دہائیوں تک پاکستانیوں میں بے حد مقبول رہنے والی پاک سوزکی کی مہران گاڑی کی پیداوار بالآخر بند کر دی گءی ہے۔

پاک سوزوکی نے گزشتہ سال 80 کی دہائی سے مارکیٹ میں مقبول رہنے والی مہران کی پیداوار کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سوزوکی مہران کی دنیا بھر میں پیداوار 90 کی دہائی میں بند کر دی گئی تھی، تاہم پاکستان میں اس گاڑی کی پیداوار آج تک جاری رہی۔ تاہم اب مارکیٹ میں نئی کمپنیوں کی آمد کے باعث مقابلے میں اضافہ ہوا ہے، اور نئی اور جدید سے جدید اور قدرے کم قیمت گاڑیاں فروخت کیلئے پیش کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی باعث سوزوکی پاکستان نے گزشتہ برس دسمبر میں مہران کو مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اور اب اس اعلان پر عمل کرتے ہوئے سوزوکی مہران کی پروڈکشن باقاعدہ طور پر بند کر دی گئی ہے۔ گزشتہ دنوں سوزوکی مہران کا آخری ماڈل سوزوکی پلانٹ میں تیار کیا گیا۔

تاہم مہران کے شوقین افراد کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ سوزوکی پاکستان نے مہران کی متبادل گاڑی بھی پیش کر دی ہے۔

سوزوکی آلٹو کے جدید ماڈل کو 800 سی سی سوزوکی مہران کی متبادل کے طور پر مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق 660 سی سی انجن کی حامل سوزوکی آلٹو ایک آٹو میٹک جبکہ 2 مینوئل ماڈلز میں پیش کی جائے گی۔ پاکستان سوزوکی کی جانب سے سوزوکی مہران کی پیداوار بند کرنے کے فوری بعد سوزوکی آلٹو کی پاکستان میں پیداوار کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس گاڑی کی مائلج حیران کن طور پر 37 لیٹر فی کلومیٹر تک ہوگی۔ جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سوزوکی آلٹو کی قیمت 8 لاکھ سے 9 لاکھ روپے کے درمیان ہوگی۔ سوزوکی آلٹو کا آٹو میٹک ماڈل مہنگا جبکہ مینوئل ماڈلز قدرے سستے ہوں گے۔