یہ خاتون پلاسٹک کے شاپنگ بیگز سے حیرت انگیز کپڑے بُنتی ہیں

Ameen Akbar امین اکبر منگل 26 مارچ 2019 23:26

یہ خاتون پلاسٹک کے شاپنگ بیگز سے حیرت انگیز  کپڑے بُنتی ہیں

روزا فریگنو کے نئے سوٹ کو دیکھیں تو آپ اس کے اون سے بنے ہونے کی قسم کھا سکتے ہیں لیکن جب آپ اسے چھوئیں تو  حیران رہ  جائیں گے۔ یہ سوٹ پلاسٹک سے بنایا گیا ہے۔ سوٹ کی تیاری میں جو پلاسٹک استعمال ہوا ہے، اسے عام طور پر ساری دنیا میں ایک بار استعمال کے بعد پھینک دیا جاتا ہے۔ اس سوٹ کی تیاری میں استعمال شدہ شاپنگ بیگز استعمال کیے گئے ہیں۔ روزا کی جیکٹ میں  پلاسٹک کے 300 شاپنگ بیگز استعمال ہوئے ہیں۔


مغربی نیویارک سے تعلق رکھنے والی  75 سالہ روزا اس عمر میں بھی خاصی فعال ہیں۔گرمیوں میں اُن کا وقت اپنے گھر کے باغیچے میں پھلوں اور سبزیوں کی دیکھ بھال میں گزرتا ہے جبکہ سردیوں میں وہ  پیچیدہ بُنائی کرتی ہیں۔پچھلے سال انہوں نے پلاسٹک کے  سینکڑوں بھورے  شاپنگ بیگز سے اپنی جیکٹ بنائی۔

(جاری ہے)

روزا شادی سے پہلے سلائی کا کام کرتی تھیں۔ ایک بار انہوں نے پلاسٹک  سے بنا پرس دیکھا تھا۔

اس سے متاثر ہوکرانہوں نے  شاپنگ بیگز سے پرس بنانے کا سوچا ۔ اس حوالے سے ہدایات انہیں یوٹیوب ویڈیوز سے مل گئیں۔شروع میں تو انہوں نے پلاسٹک کے بیگز بنائے اور اس کے  بعد سوٹ بنانا شروع کر دیا۔
سوٹ یا پرس بنانے کے لیے روزا پہلے پلاسٹک کو پٹیوں کی صورت میں کاٹتی ہیں۔اس کے بعد انہیں طویل کرنے کے لیے ایک ساتھ جوڑتی ہیں۔ اس  کے   بعد وہ پلاسٹک کی پٹیوں کو اون  کی طرح کی شکل دیتی ہیں اور سلائیوں سے بُنتی ہیں۔ پلاسٹک کی پٹیوں کو بُننے کے لیے درکار سلائیاں مارکیٹ میں تو نہیں تھی  اس لیے انہوں نے خود سے ہی سلائیاں بنائیں۔
روز ا کو اپنا سوٹ بنانے میں 2 ماہ لگے تھے ۔ انہوں نے اپنی جیکٹ 170 پلاسٹک بیگز اور سکرٹ 140 پلاسٹک بیگز سے بنایا تھا۔.

متعلقہ عنوان :