کچا گوشت۔ ایتھوپیا کے لوگوں کی پسندیدہ ترین خوراک

Ameen Akbar امین اکبر منگل 26 مارچ 2019 23:27

کچا گوشت۔ ایتھوپیا کے لوگوں کی  پسندیدہ ترین خوراک

دنیا کے اکثر مقامات پر لوگ کچے گوشت کو  صحت کے لیے مضر ہونے کی وجہ سے کھانے سےا جتناب کرتے ہیں لیکن ایتھوپیا میں لوگوں کی پسندیدہ ترین خوراک ہی کچا گوشت ہے۔

ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں گلیوں یا سڑکوں پر چلتے ہوئے لوگ ریسٹورنٹس کی میزوں پر گائے یا بکرے کا کچا گوشت کھاتے نظر آتے ہیں۔ مخلف تہواروں اور تقریبات جیسے شادی وغیرہ میں تو کچے گوشت کا استعمال مزید بڑھ جاتا ہے۔

ایتھوپیا کے بہت سے لوگ تو ایسے ہیں، جو ہر روز صرف کچا گوشت ہی کھاتے ہیں۔ کچا گوشت کھانے والوں کا کہنا ہے کہ یہ انہیں تازگی اور توانائی بخشتا ہے۔ کچے گوشت سے محبت کرنے والے اس میں موجود بیکٹریا اور طفیلی کیڑوں کی بھی پرواہ نہیں کرتے۔ 

کچے گوشت سے محبت کرنے والے ایک شخص کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 20 سالوں سے کچا گوشت کھا رہے ہیں اور کبھی بیمار نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

ان کے جسم کو کچے گوشت سے محبت ہے۔

ادیس ابابا میں پرائیویٹ کلینک چلانے والے ڈاکٹر میسافنٹ ابیبی کا کہنا ہے کہ لوگ صحت کے خطرات کے باوجود کچا گوشت کھاتے ہیں اور بیمار ہو جاتے ہیں۔

کوئی نہیں جانتا کہ ایتھوپیا میں کچا گوشت کب سے لوگوں کی پسندیدہ خوراک بنا۔ ایک روایت کے مطابق کئی سو سال پہلے علاقے میں مسلمانوں اور عیسائی جنگجوؤں کے درمیان لڑائیاں جاری تھی۔

عیسائی جنگجوؤں پہاڑوں میں چھپے ہوئے تھے۔ وہ جب بھی گوشت بھونتے تو گوشت کی مہک اور دھوئیں سے مسلمان جنگجو اُن کا پتا چلا لیتے اور رات کے اندھیرے میں اُن پر حملہ کر کے مار دیتے۔ جلد ہی عیسائی جنگجوؤں کو اس بات کا احساس ہوگیا اور انہوں نے کچا گوشت کھانا شروع کردیا۔ جنگ ختم ہونے کے عرصے بعد آج بھی ایتھوپیا کے لوگ کچا گوشت شوق سے کھاتے ہیں۔ کچا گوشت ایتھوپیا میں رہنے والے ہر رنگ و نسل کے لوگوں کا پسندیدہ کھانا ہے۔

ایتھوپیا میں کچے گوشت کی سب سے مقبول ڈش ٹیرے سیگا ہے۔ اس کا لفظی مطلب ہی ”کچاگوشت“ ہوتا ہے۔ اس میں کچے گوشت کو لمبی پٹیوں میں پیش کیا جاتا ہےاور لوگ چاقو سے بوٹیاں کاٹ کر اور مختلف طرح کی چٹنیوں کے ساتھ لگا کر استعمال کرتے ہیں۔