Live Updates

ڈاکٹر شاہد مسعود کی گرفتاری کے معاملے پر وزیراعظم نے ان سے کیا کہا

پروگرام میں گفتگو کے دوران ڈاکٹر شاہد مسعود نے انکشاف کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 27 مارچ 2019 13:26

ڈاکٹر شاہد مسعود کی گرفتاری کے معاملے پر وزیراعظم نے ان سے کیا کہا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 مارچ 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ چند ہفتے قبل میری وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی، ہم کئی گھنٹے ساتھ رہے ہم نے وزیراعظم ہاؤس میں جمعہ کی نماز ایک ساتھ پڑھی ۔ میرا ان سے بھائی اور دوستوں والا تعلق ہے۔ ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ عمران خان نے مجھے سے پہلا سوال کیا کہ ڈاکٹر شاہد یہ تمہارے ساتھ کیا ہوا؟ میں نے کہا کہ آپ وزیراعظم ہیں آپ بتائیں کہ میرے ساتھ کیا ہوا۔

جس پر انہوں نے کہا کہ مجھے تو بہت دنوں کے بعد پتہ چلا ، مجھے تو حامد میر، ارشد شریف ، سمیع ابراہیم اور رؤف کلاسرا نے بتایا آ کر مجھے تب علم ہوا کہ تمہارے ساتھ اتنا ظلم ہوا۔ میرے سامنے بسکٹ اور چائے پڑی تھی ، میں خاموش رہا اور ان سے کہا کہ اگر آپ کی اجازت ہو تو میں بسکٹ اور چائے لے لوں۔

(جاری ہے)

جس پر انہوں نے کہا کہ ہاں لو یار، میں نے چائے کی ایک چسکی بھری، میں اُس وقت ذہن میں سوچ رہا تھا کہ وزیراعظم جو وزیر داخلہ بھی ہیں وہ مجھے کہہ رہے ہیں کہ تمہارے ساتھ کیا ہوا اور ان کو صحافیوں نے بتایا، انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر تمہاری خبریں چل رہی تھیں تو میں نے نعیم الحق سے بھی کہا۔

ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ میں اُس وقت خاموش بیٹھا تھا کیونکہ میں ملک کے وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے ساتھ بیٹھا تھا۔ میں دل میں سوچ رہا تھا کہ میں صدیق جان یا عدیل وڑائچ کس کس کا شکریہ ادا کروں جنہوں نے میری ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی اور پھر وہ الیکٹرانک میڈیا تک بھی پہنچی۔ عمران خان سے سب صحافیوں کی میٹنگ ہوئی اور انہوں نے میرے معاملے پر سوال اُٹھایا، اگر وہ سب نہ ہوتا اور کوئی سوال نہ اُٹھاتا تو وزیراعظم کو علم ہی نہ ہوتا کہ کیا ہو رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات