نواز شریف کا ابتدائی طور پر شریف میڈیکل سٹی سے تفصیلی طبی معائنہ کرانے کا فیصلہ

دل اور گردوں کے امراض کے سپیشلسٹ معائنہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کرینگے، علاج کیلئے ڈاکٹر لارنس سے بھی رہنمائی لینے کا فیصلہ تفصیلی طبی معائنے کے بعد معلوم ہو سکے گا چھ ہفتوں میں علاج ممکن ہے یا نہیں ‘ ڈاکٹر عدنان/خاندان کے افراد سے نواز شریف کے علاج پر مشاورت کی نواز شریف نے والد ، بھائی اور اہلیہ کی قبروں پر حاضری دیکر فاتحہ خوانی کی ،عزیز و اقارب ،قریبی ساتھیوں کی ملاقات ،عیادت کی نواز ،شہباز شریف کی اپنی لیگل ٹیم سے بھی ملاقات ،نوازشریف کی رہائی کے بعد قانونی پہلوئوں پر مشاورت کی گئی ‘ میڈیا رپورٹس

بدھ 27 مارچ 2019 17:22

نواز شریف کا ابتدائی طور پر شریف میڈیکل سٹی سے تفصیلی طبی معائنہ کرانے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2019ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا ابتدائی طور پر آج ( جمعرات ) کو شریف میڈیکل سٹی ہسپتال سے تفصیلی طبی معائنہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،دل اور گردوں کے امراض کے سپیشلسٹ نواز شریف کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کریں گے ،جبکہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم کے تفصیلی طبی معائنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا کہ چھ ہفتوں میں علاج ممکن ہے یا نہیں ۔

بتایا گیا ہے کہ ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے گزشتہ روز جاتی امراء رائے ونڈ میں نواز شریف کا معمول کا طبی معائنہ کیا ۔ اس موقع پر نواز شریف کے آئندہ کے علاج کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف کا آج ( جمعرات) شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں تفصیلی طبی معائنہ کیا جائے گا جس کیلئے دل اور گردوں کے امراض کے سپیشلسٹ ان کا تفصیلی طبی معائنہ کریں گے اور ان کی رپورٹ کی روشنی میں آئندہ کے علاج کا فیصلہ کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عدنان فرید نے کہا کہ تفصیلی طبی معائنے کے بعد نواز شریف کی صحت کا مکمل جائزہ لیا جائے گا، نواز شریف کے گردوں اور دل کے امراض کا علاج ایک ساتھ ہی ہوگا۔چھ ہفتے میں علاج مکمل ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ طبی معائنے کے بعد ہی پتہ چل سکے گا کہ چھ ہفتے میں علاج ہوسکے گا یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے ٹیسٹ کس لیب سے ہوں گے یہ بھی فیصلہ ہوگا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کے علاج کے معاملے پر ذاتی معالج اور خاندان کے افراد کے درمیان علاج گاہ کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔نواز شریف کے حتمی علاج کے حوالے سے ان کے لندن میں موجود ڈاکٹر ڈاکٹر لارنس سے بھی رہنمائی لی جائے گی۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے گزشتہ روز اپنے والد میاں محمد شریف ، بھائی عباس شریف اور اہلیہ کلثوم نواز کی قبروں پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی ۔

شریف فیملی کے افراداور قریبی عزیز و اقارب نے بھی جاتی امراء رائے ونڈ میں نواز شریف سے ملاقات کی جبکہ نواز شریف کے قریب سمجھے جانے والے پارٹی رہنمائوں نے بھی نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی عیادت کی ۔ علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف اور شہباز شریف نے اپنی لیگل ٹیم سے بھی ملاقات کی جس میں نوازشریف کی طبی بنیادوں پر چھ ہفتوں کے لئے رہائی کے بعد قانونی پہلوئوں پر مشاورت کی گئی جبکہ شریف فیملی کے خلاف درج مقدمات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔