ڈی سی سوات کی غفلت برتنے پر دو پولیو ٹیموں کے خلاف کارروائی کی ہدایت

بدھ 27 مارچ 2019 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2019ء) ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم نے غفلت برتنے پر دو پولیو ٹیموں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے اپنے دفتر گلکدہ سیدو شریف میں پولیو مہم کے دوران ایوننگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر انتہائی تشویش کا اظہار کیاکہ یوسی کوٹہ میں گلی محلوں میں پولیو مہم کے دوران ای پی آئی ٹیکنیشن فضل امین اور اس کے ساتھ درجہ چہارم ملازم فضل زادہ نے ایک گھر میں موجود بچے کو پولیو کے قطرے پلانے سے لاپرواہی برتی اور بچہ ویکسین کے بغیرر ہ گیا اسی طرح یوسی بشیگرام میں بھی پرائمری ٹیچر فضل کریم معاذ گھر گھر مہم کے دوران ایک بچے کو ویکسین دینا بھول گئے ڈی سی نے دونوں واقعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایم او سوات اور ڈی ای او ر( مردانہ) کو متعلقہ دونوں ٹیموں کے اہلکاروں کی سخت ترین سرزنش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس قومی مہم میں معمولی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ اس کا تعلق ہماری آئندہ نسلوں کی بقا اور پاکستان کے قومی وقار سے ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔