اے این پی ٹانک کابینہ کی تشکیل،فضل کریم تتور صدر ،محمد عثمان جنرل سیکرٹری منتخب

بدھ 27 مارچ 2019 20:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2019ء) عوامی نیشنل پارٹی ٹانک کی کابینہ تشکیل دے دی گئی ، فضل کریم تتور آئندہ چار سال کیلئے ضلع ٹانک کے صدر اور محمدعثمان جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے، اس سلسلے میں تنظیمی اجلاس ٹانک میں زیر نگرانی صوبائی الیکشن کمیشن منعقد ہوا ،اجلاس میں ضلعی الیکشن کمیٹی کے ممبران سمیت کونسل ممبران اور مشران نے بھرپور شرکت کی،کابینہ کیلئے جو درخواستیں موصول ہوئیں اس کے مطابق تمام کابینہ بلا مقابلہ منتخب کر لی گئی ،صوبائی الیکشن کمیشن کے چیئرمین سردار حسین بابک نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ نئے آنے والے ممبران اپنے نو منتخب صدر کی قیادت میں پارٹی کے آئین و ڈسپلن کے اندر رہتے ہوئے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور ضلع میں پارٹی کی مزید فعالیت اور مضبوطی کیلئے گھر گھر پارٹی کا پیغام پہنچانے میں کوئی دقیقہ فروگزشت نہیں کریں گے، صوبائی الیکشن کمیشن کے ممبران خورشید خٹک ارم فاطمہ اور دیگر مقامی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔