شارجہ: ساری رات آن لائن گیم کھیلنے والے لڑکے نے خود کُشی کر لی

14 سالہ بچے نے 15 ویں منزل ے چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 28 مارچ 2019 12:53

شارجہ: ساری رات آن لائن گیم کھیلنے والے لڑکے نے خود کُشی کر لی
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ2019ء) نئی نسل پر آج کل آن لائن گیمز کا بہت جنون سوار ہے۔ تاہم تحقیق کے مطابق ان گیمز کی وجہ سے نوجوانوں میں تنہائی، ذہنی تناؤ اور مایوسی کے جذبات پروان چڑ ھ رہے ہیں، جس کے باعث اکثربچے اور نوجوان اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے پر تُل گئے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ شارجہ کے علاقے المجاز کی ایک رہائشی بلڈنگ میں پیش آیا ہے جہاں ایک 14 سالہ بچے نے اپنے پندرھویں منزل پر واقع فلیٹ کی کھڑکی سے کُود کر خُود کشی کر لی۔

تفصیلات کے مطابق یوکرائن سے تعلق رکھنے والا بچہ اپنے نانا کے پاس دو روز قبل چھُٹیاں منانے امارات آیا تھا، تاہم اس دوران اُس کے گھر والوں کو اُس کا رویہ کچھ عجیب و غریب سا محسوس ہوا۔ بچہ کچھ ذہنی تناؤ کا شکار لگتا تھا۔

(جاری ہے)

بچہ اپنے ساتھ کپڑوں کے جوڑے بھی نہیں لایا تھا اور ہر وقت اپنے سمارٹ فونز اور دیگر الیکٹرونکس ڈیوائسز سے چمٹا رہا۔

خود کُشی سے قبل بچہ ساری رات آن لائن گیمز کھیلتا رہا۔ رات کو گھر والے سوئے پڑے تھے، جب اچانک دروازے پر دستک ہوئی۔ دروازہ کھولنے پر سامنے پولیس اہلکار کھڑے نظر آئے جنہوں نے بتایا کہ اُن کے فلیٹ کی ایک کھڑکی سے بچے نے چھلانگ مار کر خود کشی کر لی ہے۔ پولیس کے مطابق بچے کی زمین پر گرتے ساتھ ہی موت واقع ہو گئی تھی۔ پولیس کو اس واقعے کی اطلاع ایک راہگیر نے دی تھی۔

پولیس کی جانب سے کم سن لڑکے کی موت کے اسباب جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یوکرائنی بچہ اپنی والدہ کے ساتھ سعودی عرب میں مقیم تھا، اُس کے والدین کے درمیان طلاق واقع ہو چکی تھی۔ بچے کے نانا کے مطابق بچے کے ذہن پر ویڈیو گیمز اور انٹرنیٹ کا بہت اثر تھا، لگتا ہے کہ یہی اُس کے اندر ڈپریشن کو جنم دے کر اُس کی موت کا سبب بنے ہیں۔