مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے حنیف عباسی کو شیخ زید اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا

جمعرات 28 مارچ 2019 20:08

مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا حکم
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2019ء) مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ن لیگی رہنما حنیف عباسی کی سزا معطلی کے لیے اپیل کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ حنیف عباسی دل اور گردے کی بیماری میں مبتلا ہیں، کیس میں نامزد دیگر سات ملزمان کو رہا کردیا گیا ہے۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت سزا معطل کر کے ضمانت منظور اور رہا کرنے کا حکم دے۔ وکلائے فریقین کا موقف سننے کے بعد عدالت نے حنیف عباسی کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کے لیے شیخ زید اسپتال منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں لیگی رہنما حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت سے سزا یافتہ ہونے پر حنیف عباسی الیکشن لڑنے کے لیے نااہل ہوئے۔

حنیف عباسی این اے 60 راولپنڈی سے شیخ رشید کے مقابلے میں الیکشن لڑ رہے تھے۔راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنمائ حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا سنا دی جبکہ دیگر سات ملزمان کو بری کردیا تھا۔ واضح رہے کہ حنیف عباسی پر پانچ سو کلو گرام ایفی ڈرین کا کوٹہ ادویات بنانے کیلئے حاصل کر کے منشیات اسمگلروں کو فروخت کرنے کا الزام تھا۔

انٹی نارکوٹکس فورس نے لیگی رہنمائ ، ان کے بھائی اور فارماسیوٹیکل کمپنی کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ 6 سال جاری رہنے والے مقدمے کی سو سے زائد سماعتیں ہوئیں، لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل مسترد ہوچکی تھی۔ ملزمان میں حنیف عباسی، غضنفر، احمد بلال، عبدالباسط، ناصر خان، سراج عباسی، نزاکت، محسن خورشید شامل تھے۔