Live Updates

کیا وزیراعظم عمران خان کی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات ہو گی؟

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 29 مارچ 2019 11:06

کیا وزیراعظم عمران خان کی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات ہو گی؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 مارچ 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی حامد میر نے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سوال کیا کہ کیا اپوزیشن لیڈر سے مشاورت صرف خط و کتابت کی حد تک ہی محدود رہے گی یا وزیراعظم عمران خان اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ساتھ ایک ملاقات کرنے کی زحمت بھی کر دیں گے۔ جس پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مشاورت کا مقصد صرف یہی ہے کہ اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جائے۔

اُن کے نقطہ نظر کو سمجھا جائے اور دونوں سمجھ کو کوئی راستہ نکالیں۔ اب یہ مشاورت خط و کتابت کے ذریعے بھی ہو سکتی ہے اور بالمشافہ بھی ہو سکتی ہے۔ کوئی اُن کے ساتھ نمائندگی کرتے ہوئے بھی کر سکتا ہے۔ حامد میر نے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی بالمشافہ ملاقات کا آپشن بھی موجود ہے؟ جس پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بالکل موجود ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار نجم سیٹھی نے بھی وزیراعظم عمران خان اور شہباز شریف کی ملاقات سے متعلق بات کی تھی اور کہا تھا کہ فروری میں شہباز شریف کی ضمانت کے بعد اب نواز شریف کی ضمانت منظوری کی خبر سُن کر عمران خان زیادہ اپ سیٹ ہوگئے ہیں اور انہوں نے اپنا ایک ذاتی مؤقف بنا لیا ہے کہ انہوں نے نہ تو ان دونوں بھائیوں کو چھوڑنا ہے اور نہ ہی انہوں نے شہباز شریف سے ملاقات کرنی ہے۔

وہ شہباز شریف سے ملاقات نہیں کریں گے۔ عمران خان کے اس مؤقف کی وجہ سے انہیں کافی دشواریوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ عمران خان نے ایک بار نہیں دوسری یا تیسری مرتبہ دھمکی بھی دے ڈالی ہے کہ اگر آپ نے میری بات نہیں ماننی اور جیسے میں چاہتا ہوں مجھے ویسے حکومت نہیں چلانے دینی تو ٹھیک ہے پھر آپ ہی حکومت چلا لیں۔

اس سے آگے میں کچھ نہیں بتا سکتا کہ انہوں نے کس کو کیا کہا ، البتہ انہوں نے دونوں بھائیوں کی ضمانت ہونے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے اور دھمکی بھی دی ہے۔ بے شک عمران خان نے ناراضی کا اظہار بلا واسطہ یا بالواسطہ کیا ہے لیکن انہوں نے کیا ضرور ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جگہ بھی پیغام پہنچ گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ناراضی ظاہر کر رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات