نیوزی لینڈ میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے متاثرین کے لیے دعائیہ تقریب

دنیا انتہا پسندی سے متاثر ہے، اس برائی کو ختم کرنا ہے۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈن

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 29 مارچ 2019 11:16

نیوزی لینڈ میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے متاثرین کے لیے دعائیہ تقریب
نیوزی لینڈ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 مارچ 2019ء) : نیوزی لینڈ میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے متاثرین کے لیے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ کرائسٹ چرچ کو آج دو ہفتے گزر گئے۔ سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد دوسرے جمعہ پر مسجد النور کے سامنے واقع ہیگلے پارک میں قومی یادگاری تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔

اس دعائیہ تقریب میں کیوی اور آسٹریلوی وزرائےاعظم سمیت 59 ممالک کے سرکاری نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں مختلف مذاہب اور کمیونٹی کے افراد بھی شریک ہوئے۔ تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا۔ پاکستان کی نمائندگی نیوزی لینڈ میں ہائی کمشنر ڈاکٹر عبدالمالک نے کی۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈرن نے اپنی تقریر کا آغاز اور اختتام شرکا کو السلام علیکم کہہ کر کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ دنیا انتہا پسندی سے متاثر ہے، ہمیں اس برائی کو ختم کرنا ہے۔ سب آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں تو پھر کیوں ایک دوسرے سے نفرت کریں۔ ملک میں‌ تشدد اور نفرت کی کوئی جگہ نہیں. ایسے مذہب کے افراد کو نشانہ بنایا گیا جو سب کو کہتا ہے 'السلام علیکم' یعنی تم پر سلامتی ہو۔

انہوں نے کہا متاثرہ خاندانوں کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، پورا ملک غم میں برابر کا شریک ہے۔ وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ پورا ملک ان کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ تقریب میں پاکستانی شہدا سمیت تمام 50 شہیدوں کے نام پکارے گئے تو وزیراعظم سمیت تمام شرکا احتراماً کھڑے ہوگئے۔

تقریب میں نیوزی لینڈ کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ یاد رہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد آنے والے پہلے جمعہ پر بھی نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام نے مسلم کمیونٹی نے سانحہ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔ گذشتہ جمعہ کے روز نیوزی لینڈ میں اُس وقت ایک تاریخی لمحہ ریکارڈ کیا گیا جب کرائسٹ چرچ کی فضا اللہ اکبر کی صداؤں سے گونج اُٹھی ۔نیوزی لینڈ میں ریڈیو اور ٹی وی پر اذان براہ راست نشرکی گئی۔

سانحہ کرائسٹ چرچ کو ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد آنے والے پہلے جمعہ کی نماز کی ادائیگی مسجد النور کےسامنے ہیگلے پارک میں ادا کی گئی جہاں ہزاروں افراد کا اجتماع دیکھنے میں آیا۔
اس موقع پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن بھی سیاہ لباس میں ملبوس اور سر پر دوپٹہ اوڑھے موجود تھیں ۔ انہوں نے ہیگلے پارک میں موجود اجتماع سے خطاب بھی کیا۔ خطاب سے قبل جیسنڈا نے حدیث مبارکہ کا ترجمہ پڑھ کر سنایا۔ اس دوران ایک غیر معمولی بات نوٹس کی گئی کہ وزیراعظم نیوزی لینڈ نے حضرت محمد ﷺ کا نام لیتے ہوئے ان پر درود بھی بھیجا جس نے مسلمانوں کے دل جیت لیے تھے۔