بھارت کی استعماری پالیسیوں کے نتیجے میں جاری کشمیریوں کا قتل عام ایک منظم نسل کشیُ ہے

فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوںکو اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکا نہیں جاسکتا،مشترکہ حریت قیادت

جمعہ 29 مارچ 2019 12:07

بھارت کی استعماری پالیسیوں کے نتیجے میں جاری کشمیریوں کا قتل عام ایک ..
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے پورے مقبوضہ علاقے میں بھارت کی استعماری پالیسیوں کے نتیجے میںجاری کشت و خون کو کشمیری نوجوانوںکی منظم نسل کشیُ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ بھارت فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوںکو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روک نہیں سکتا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت قائدین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ فوجی طاقت کے استعمال کی بھارتی پالیسی سے جموںوکشمیر کی پہلے سے سنگین صورتحال مزید ابتر ہوجائیگی ۔ انہوںنے کہاکہ آئے روز مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل کے واقعات انسانی حقوق کی سنگین پامالی، حریت قائدین اور کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن ، نوجوانوں کی گرفتاریاںاور کشمیریوںکی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کیلئے فوجی طاقت کا وحشیانہ استعمال نہ صرف بین الاقوامی برادری خاص طور پر انصاف پسند اقوام و ممالک اور حقوق بشر کی عالمی تنظیموں کیلئے چشم کشا ہے اور اس سے بھارت کے خوفناک عزائم کی عکاسی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے اوربھارت اپنی ہٹ دھرمی اور جارحانہ پالیسی کے ذریعے نہ تو ماضی میں اس دیرینہ تنازعے کی حساسیت ختم کرسکا ہے اور نہ آئندہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہو گا ۔حریت قائدین نے بیج بہاڑہ اور کولگام میں بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف احتجاج کرنے والے دکانداروں پر فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشانہ استعمال،کشمیری نوجوانوں فیضان احمد اور سہیل نذیر بٹ کو بلا جواز فائرنگ کر کے زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کو نہتے کشمیریوںکے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔

سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے شوپیاں اور پلوامہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں گزشتہ روز شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوںعاقب احمد، بشارت احمد،اور سجاد کھانڈے کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نہتے کشمیر ی نوجوانوںکوانسانی سوز مظالم اور بدترین ذہنی و جسمانی اذیتوںکا نشانہ بنا کر مسلح جدوجہد شروع کرنے پر مجبور کر رہا ہے ۔ انہوںنے بھارتی حکومت پر زوردیا کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی پر مبنی انتقامی پالیسی ترک کرتے ہوئے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے۔