Live Updates

عثمان بزدار کو زبردستی وزیراعلیٰ بنایا گیا، آصف زرداری کو بھی استعمال کیا گیا

سینئیر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے عثمان بزدار اور آصف زرداری سے متعلق دعویٰ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 1 اپریل 2019 14:15

عثمان بزدار کو زبردستی وزیراعلیٰ بنایا گیا، آصف زرداری کو بھی استعمال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم اپریل 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی حامد میر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی اکثریت ہونے کے باوجود کلائی موڑ کر عثمان بزدار کو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنا دیا گیا۔ دوسری جانب نواز شریف کسی سے کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں لینا چاہتے۔ نواز شریف چاہتے ہیں کہ وہ سپریم کورٹ سے ضمانت حاصل کریں وہ کہیں اور سے کوئی ریلیف لینے کے حق میں نہیں ہیں۔

حامد میر نے کہا کہ میں پاکستان کی سپریم کورٹ کے بارے میں یہ سمجھتا ہوں کہ وہ رول آف لاء پر یقین رکھتی ہے۔ اور کسی کے فون کال پر سپریم کورٹ کسی کو بھی ریلیف نہیں دے گی۔ وہ جو بھی کام کرے گی وہ قانون اور آئین کے مطابق کرے گی۔ زرداری صاحب بھی اگر جیل میں چلے جائیں تو تحریک عدم اعتماد آ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اور یہ تحریک کامیاب بھی ہو سکتی ہے کیونکہ اس سے قبل لوگوں کے بازو مروڑ کر ان کو پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دینے پر مجبور کیا گیا۔

اس بات کو سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ پنجاب میں تو مسلم لیگ ن کی اکثریت تھی اس کے باوجود بھی عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنا دیا گیا۔ اور بازو مروڑ کر مسلم لیگ ن کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا گیا اور بزدار صاحب کی حکومت بنائی گئی۔ جن لوگوں سے زبردستی ووٹ ڈلوایا گیا اور جن لوگوں سے وعدے کیے گئے تھے وہ پورے نہیں ہوئے۔ تو اب بار بار تو موجودہ حکومت سیاستدانوں کو دھوکہ نہیں دے سکتی نہ ہی وہ اب دھوکہ کھائیں گے۔

اب تک ہم سب سے زیادہ شاطر سیاستدان آصف علی زرداری کو سمجھتے تھے۔ لیکن آصف علی زرداری کو بھی بلوچستان میں استعمال کیا گیا اور تحریک عدم اعتماد کامیاب کروائی گئی پھر اُن کے ساتھ جو ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔ آصف زرداری کو دیکھ کر تمام سیاستدانوں کو سبق حاصل کرنا چاہئیے کہ اگر اس ملک میں آصف علی زرداری جیسے سیاستدان کو چُونا لگایا جا سکتا ہے تو آپ کو تو بار بار لگے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات