پٹرولیم مصنوعات کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں بھی اضافہ

ایل پی جی کی قیمت میں3روپے47 پیسے فی کلو اضافہ کے بعد گھریلو سلنڈر41 روپے مہنگا ہوگیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 1 اپریل 2019 16:58

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم اپریل 2019ء) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا، ایل پی جی کی قیمت میں 3روپے 47 پیسے فی کلو اضافہ کے بعد گھریلو سلنڈر41 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا ہے۔

ایل پی جی کی قیمت 3روپے 47 پیسے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر41 روپے مہنگا کردیا گیا ہے۔ ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمت 133روپے مقرر کردی گئی۔ گیارہ کلو والے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1564روپے مقرر کردی گئی ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز حکومت نے عوام پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کا بم گرایا تھا۔

(جاری ہے)

اوگرا نے وزارت پٹرولیم ڈویژن کی ہدایت پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ اوگرا کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 6روپے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کا تیل کی قیمت میں 3، 3روپے اضافہ کردیا گیا۔ پٹرول کی قیمت میں 6 روپے اضافے کے بعد نئی قیمت 98روپے 89پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی 6 روپے اضافے کے بعد نئی قیمت117 روپے 43 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 3 روپے اضافہ کے بعد 80 روپے 54 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 3 روپے اضافے کے بعد 89 روپے 31پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

واضح رہے اوگرا کی جانب سے یکم اپریل سے پیٹرول کی قیمت میں 11 روپے 92 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔ اوگرا نے وزارت پٹرولیم کو بھجوائی تھی۔ سمری میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 17 پیسے فی لٹر اضافے کی تجویزدی گئی تھی۔ اوگرا کی جانب سے مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 65 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت بھی 6 روپے 50 پیسے بڑھانے کی سفارش کی گئی تھی۔