وزیرخزانہ نے مہنگائی کے دفاع میں عجیب منطق پیش کردی

ملک میں مہنگائی اب بھی2008ء اور2013ء سے کم ہے، معاشی بحران کےباعث بڑے اقدامات کررہے ہیں،جس سے مہنگائی بڑھ گئی ہے۔ وزیرخزانہ اسدعمر کا تقریب سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 1 اپریل 2019 17:21

وزیرخزانہ نے مہنگائی کے دفاع میں عجیب منطق پیش کردی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم اپریل 2019ء) وزیرخزانہ اسد عمر نے مہنگائی کے دفاع میں عجیب منطق پیش کردی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اب بھی 2008ء اور2013ء سے کم ہے، معاشی بحران کے خاتمے کیلئے بڑے اقدامات کررہے ہیں، جس سے مہنگائی بڑھ گئی ہے، اوگرا نے11روپے اضافے کی سمری دی ہم نےقیمت میں کم اضافہ کیا۔ انہوں نے آج یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بڑی ڈھٹائی کے ساتھ مہنگائی کا بڑھنے کا اعتراف کیا اور حکومت کے فیصلوں کی تعریف بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بیرونی ادائیگیوں کے بحران کا سامنا ہے۔ اس لیے حکومت مشکل فیصلے کررہی ہے۔ معاشی بحران سے چھٹکارے کیلئے جو اقدامات کر رہے ہیں اس سے مہنگائی بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا نے تیل کی قیمتوں میں گیارہ روپے اضافے کی سمری بھیجی لیکن ہم نے اپنے ٹیکس کم کرکے تیل کی قیمتوں میں کم اضافہ کیا۔

(جاری ہے)

اسد عمر نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپوزیشن کو مناظرے کا چیلنج کر تے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اپوزیشن میرے سامنے آ کر بات کرے،ایاز صادق کو ساتھ کھڑا کر کے جواب دوں گا، سعودی عرب سے تین ارب ڈالر ،چین سے دو ارب ڈالر مل چکے ،متحدہ عرب امارات سے صرف ایک ارب ڈالر ملنے رہ گئے، آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد مالیاتی اداروں سے امداد ملنے میں مدد ملے گی،ڈیجیٹل پیمنٹ سے معاشی ترقی میں تیزی آئے گی۔

پیر کو وزیر خزانہ اسد عمرنے تقریب سے خطاب سے پہلے بینکاروں سے ملاقات کی اس موقع پر بینکاروں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں فن ٹیک شروع کرنے کے مواقع ملیں گے ،جب پیمنٹ کو ڈیجیٹل کرنا شروع کیا جاتا ہے تو ملک میں معاشی تبدیلی کا آغاز ہو جاتا ہے۔ بینکاروں نے کہا کہ اس نظام کو اختیار کرنے والے تمام ممالک کو فائدہ ہوا ہے ۔

مرکزی بینک کے حکام نے بتایا کہ صارفین کی رقم کا تحفظ سب سے اہم ترجیح ہے ۔ وزیر خزانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی بینک حکام کو نئے طریقہ کار پر مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پیمنٹ سے معاشی ترقی میں تیزی آئے گی ،یہ طریقہ کار منفرد اور محنتی لوگوں کو بہت مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے بڑے مسائل میں ایک بڑے لوگوں کا وزارت خزانہ پر اثر و رسوخ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی بینک کو اس نئی ٹیکنالوجی پر نظر رکھنا ہوگی۔