نئے مالی سال کا بجٹ 24مئی کو پیش کرنے کی تجویز ہے، سپیکر سے بات کر کے حتمی تاریخ طے کی جائیگی ، اسد عمر

مہنگائی ضرور مگر2008 اور 2013 سے کم ہے، جب ڈالر 105 سے 145 روپے کا ہوگا تو اس کا فرق پڑے گا، وزیر خزانہ

پیر 1 اپریل 2019 18:16

نئے مالی سال کا بجٹ 24مئی کو پیش کرنے کی تجویز ہے، سپیکر سے بات کر کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2019ء) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ نئے مالی سال کا بجٹ 24مئی کو پیش کرنے کی تجویز ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اسد عمر نے کہاکہ نئے مالی سال کا بجٹ 24 مئی کو پیش کرنے کی تجویز ہے۔انہوںنے کہاکہ اس سے پہلے بجٹ 17 مئی کو پیش کرنے کا ارادہ تھا۔انہوںنے کہاکہ اسپیکر قومی اسمبلی سے بات کرکے حتمی تاریخ طے کی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مہنگائی کا اعتراف کیا اور کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی ہے لیکن مہنگائی 2008 اور 2013 سے کم ہے، موجودہ بیرونی ادائیگیوں کا بحران ماضی سے کہیں زیادہ تھا، معاشی بحران سے نکلنے کیلئے جو اقدامات کیے اس سے مہنگائی بڑھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 11 روپے اضافے کی سمری دی تھی، حکومت نے اپنے ٹیکس کم کرکے پیٹرول کی قیمت کم کی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ جب ڈالر 105 سے 145 روپے کا ہوگا تو اس کا فرق پڑے گا، جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 32 ڈالر سے 68 ڈالر ہوگی تو اس کا بھی فرق پڑے گا۔