جانتے ہیں عوام زیاہ بوجھ بر داشت نہیں کر سکتے ، پٹرول کی قیمت صرف چھ روپے بڑھائی ، غلام سرور خان

پیر 1 اپریل 2019 18:16

جانتے ہیں عوام زیاہ بوجھ بر داشت نہیں کر سکتے ، پٹرول کی قیمت صرف چھ ..
ٹیکسلا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2019ء) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہاہے کہ بارہ روپے پٹرول مہنگا کر نے کی سمری بھیجی گئی ، ہم جانتے ہیں عوام اتنا بوجھ بر داشت نہیں کر سکتے صرف چھ روپے قیمت بڑھا ئی ۔پیر کو وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹیکسلا اور واہ جنرل ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیااس دوران وفاقی وزیر پٹرولیم نے دونوں ہسپتالوں کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام سے بریفنگ لی۔

انہوں نے کہا کہ علاقہ کے عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے متعلقہ حکام ضلعی انتظامیہ اور وزارت صحت پنجاب کے ساتھ مل کر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں۔دورے کے دوران وفاقی وزیرپٹرولیم نے ہسپتال انتظامیہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے مسائل بھی سنے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال ٹیکسلا کی حالیہ عمارت علاقے کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر مزید توسیع کی متقاضی ہے اس مقصد کیلئے ہسپتال کے رہائشی ایریا کو وحدت کالونی منتقل کر کے اسکی جگہ ہسپتال میں نئے بلاکس تعمیر کئے جائیں اور انہیں تمام سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔غلام سرور خان نے کہاکہ عوام کی کثیر تعداد نجی ہسپتالوں میں طبی سہولیات سے استفادہ حاصل کرنے سے قاصر ہے لہذا تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال ٹیکسلا اور واہ جنرل ہسپتال کی فوری اپ گریڈیشن کر کے عوام کو تمام تر مطلوبہ طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے۔غلام سرور خان نے اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے درکار ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور ٹیکنیشنوں کے بشمول درکارضروری آلات پر مبنی تفصیلی رپورٹ مرتب کریں اور اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ اور محکمہ صحت پنجاب کی مدد سے مجوزہ معاملات کی جلد تکمیل کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ15لاکھ سے زائد آبادی کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے دونوں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے جس کیلئے واہ جنرل ہسپتال کو ڈی ایچ کیو کی سطح پر لایا جائیگا۔واہ جنرل ہسپتال میں بستروں کی تعداد 100 سے بڑھا کر 180 کرنے کی تجویز ہے جبکہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ٹیکسلا میں بستروں کی تعداد 40 سے بڑھا کر 100 کرنے کی تجویزہے۔واہ جنرل ہسپتال کے دورہ کے دوران وفاقی وزیرپٹرولیم غلام سرور خان نے مطلوبہ افرادی قوت کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو مطلوبہ عملہ اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بلاتاخیر جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے وہ اپنی تجاویز جلدازجلد پیش کریں تاکہ اسے سالانہ ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے اس موقع پر صاف ستھرا اور سرسبز پاکستان مہم کے سلسلے میں دونوں ہسپتالوں میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کے ہمراہ عمار صدیق خان بھی موجود تھے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اتار چڑھائو آتا رہتا ہے،اس کا تعین اوگرا کرتا ہے، بھارت اور بنگلا دیش کی نسبت پاکستان میں پیٹرول کی قیمت کم ہے،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12روپے فی لیٹر تک اضافہ تجویز کیا گیا تاہم ہم نے صرف 6 روپے بڑھائے کیونکہ ہم جانتے ہیں عوام اتنا بوجھ نہیں برداشت کر سکتے۔

سمندر کی تہہ میں تیل اور گیس کے ذخائر سے متعلق غلام سرور خان نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنیاں تیل کے ذخائر کی تلاش کیلئے کام کررہی ہیں، ان کمپنیوں نے تیل کی موجودگی کا مثبت اشارہ دیا ہے، اب تک 4000 میٹر تک ڈرلنگ ہو چکی ہے، اگر مثبت نتائج نہ ہوتے تو اتنی زیادہ ڈرلنگ نہ کی جاتی۔نواز شریف کے علاج سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کا جب پاکستان میں ممکن ہے تو وہ علاج یہاں سے کیوں نہیں کرواتے،باقی عوام بھی تو پاکستان سے علاج کروا رہے ہیں۔