آئی پی ایل پر دوبارہ ”مبینہ فکسنگ“ کے الزامات، ویڈیو سامنے آ گئی

سندیپ لامیچن کے گیند کرنے سے پہلے ہی رشبھ پانٹ نے آواز لگائی کہ اس گیند پر تو چوکا ہی لگے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 1 اپریل 2019 17:59

آئی پی ایل پر دوبارہ ”مبینہ فکسنگ“ کے الزامات، ویڈیو سامنے آ گئی
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اپریل 2019ء) انڈین پریمیئر لیگ ایک بار پھر میچ فکسنگ کے الزامات کی زد میں آ گئی ،سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس سے کرکٹ حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔دو روز قبل کلکتہ نائٹ رائڈرز اور دلی ڈیئر ڈیولز کے میچ کے دوران چوتھے اوور میں نیپالی لیگ سپنر سندیپ لامیچن کے گیند کرنے سے پہلے ہی وکٹ کیپر رشبھ پانٹ نے آواز لگائی کہ اس گیند پر تو چوکا ہی لگے گا جسے سٹمپ مائیک نے محفوظ کر لیا،اس گیند پر لامیچن نے روبن اتھاپا سے چوکا کھا لیا ۔

اس معاملے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد آئی پی ایل کے بانی سربراہ اور کرکٹ ایڈمنسٹریٹر للت کمار مودی نے بھارتی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) اورانٹر نیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) کو آڑھے ہاتھو ں لے لیا ۔

(جاری ہے)

للت مودی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں آئی پی ایل میچز کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ میں اعلیٰ پیمانے پر میچ فکسنگ ہو رہی ہے،انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کو اس شرمناک عمل کا کوئی احساس ہی نہیں، آئی پی ایل میں گندے دھندے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کب جاگے گا؟۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل میں سپاٹ فکسنگ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے رشبھ پانٹ کو کلین چٹ دیدی ہے ۔ یاد رہے کہ چند روز قبل روی چندر ایشون کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے چالاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گیند گرائے بغیر جوس بٹلر کو ”مینکڈ“رن آﺅٹ کردیا تھا،شین وارن، مائیکل وان اور مورگن نے ایشون کی اس حرکت کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کرکٹ کی روح اور اسپورٹس مین سپرٹ کے خلاف ہے۔