پاکستان شماریات بیورو نے مہنگائی کے ماہانہ اعداد و شمار جاری کر دیے

مارچ2019 میں مہنگائی کی شرح 9.4فیصد تک پہنچ گئی،شماریات ڈویژن

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 1 اپریل 2019 18:58

پاکستان شماریات بیورو نے مہنگائی کے ماہانہ اعداد و شمار جاری کر دیے
اسلام آباد(اردواخبار تازہ ترین۔1 اپریل2019ء) پاکستان شماریات ڈویژن نے مہنگائی کے ماہانہ اعدادوشمار جاری کر دیے ہیں۔ شماریات ڈویژن کے مطابق مارچ2019 میں مہنگائی 9.4فیصد تک پہنچ گئی۔ اس وقت پاکستان میں مہنگائی گزشتہ 5سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ جولائی2018 سے مارچ2019 تک مہنگائی کی شرح میں 6.7فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ٹرین کے کرائے ایک سال میں201فیصد بڑھ گئے جبکہ بس کے کرائے میں 48 فیصد اضافہ ہو گیا۔

شماریت ڈویژن کے مطابق مہنگائی کی شرح میں فروری کے مقابلے میں مارچ میں 1.4فیصد اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

اعدادوشمار کے مطابق سالانہ کی بنیاد پر سی این جی کی قیمتیں 25.3فیصد بڑھیں، ہائی سپیڈ ڈیزل 13.1فیصد جبکہ ایل پی جی سلنڈر13.4فیصد مہنگا ہوا۔ سالانہ بنیاد پر ہری مرچیں 151فیصد جبکہ سرخ مرچیں 27.6فیصد مہنگی ہوئیں۔ شماریات کے مطابق دالوں کی قیمت میں ایک سال میں 22.7فیصد جبکہ گوشت کی قیمت میں13.8فیصد اضافہ ہوا۔ اپریل کے آغاز میں ہی تیل، گیس اور ایل پی جی قیمت میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے اس مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ اس وقت پاکستان میں مہنگائی گزشتہ 5سال کی بلند ترین سطح پر ہے جبکہ آئی ایم ایف کی شرئط ماننے کے بعد مہنگائی میں مزید اضافہ متوقعہ ہے۔