Live Updates

عمران خان اور انکی جماعت کے اکابرین نہ صرف نااہل و نالائق ہیں بلکہ کرپشن کے عالمی مقابلے میں حصہ لینے کے دوڑ میں لگے ہوئے ہیں، پیپلزپارٹی حیدرآباد

پیر 1 اپریل 2019 23:52

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2019ء) پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر احمد قریشی، جنرل سیکریٹری علی محمد سہتو اورسیکریٹری اطلاعات احسان ابڑو نے پاکستان کی عوام پر پیٹرول بم کی صورت میں ایک اور بم گرانے کے اقدام کو عوام پر خودکش حملہ قرار دیا ہے، انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب نے فرمایا تھا کہ جب ملک میں گیس بجلی اور پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے لگیں اور روپے کے مقابلے میں بیرونی کرنسیوں کی قدر بڑھنے لگے تو یقین کرلیں کہ آپ کے ملک کا وزیراعظم کرپٹ اور چور ہی.

(جاری ہے)

ان کے برسر اقتدار آنے کے 7ماہ کے اندر روپے کی قدر میں 30 فیصد سے زائد کمی، بجلی گیس اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا روز بروز آسمان کو چھونا اور ہر ماہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں کمی کے باوجود ملکی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان صاحب اور انکی جماعت کے اکابرین نہ صرف نااہل و نالائق ہیں بلکہ کرپشن کے عالمی مقابلے میں حصہ لینے کے دوڑ میں لگے ہوئے ہیں، ایک بیان میں پی پی رہنمائوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول 62 ڈالر فی بیرل کی سطح پر ہے لہٰذا پاکستان میں پیٹرول کی قیمت بھی ستر روپے کے لگ بھگ ہونی چاہیے مگر نااہل کرپٹ نیازی حکومت ٹیکسوں کی مد میں حاصل ہونے والے اہداف میں ناکامی پر اپنی نااہلی کا سارا بوجھ ملک کے بے حال مہنگائی کی سونامی میں پہلے سے ڈوبے ہوئے عوام پر ڈال کر پاکستان سے دشمنی اور عوام سے نفرت و بیزاری کا کھلے عام اظہار کر رہی ہے جو عمران خان اپنے گھر کو سنبھالنے کی اہلیت نہیں رکھتے وہ اس ملک کی بائیس کروڑ عوام کو کیسے سنبھال سکتے ہیں صرف سات ماہ کے قلیل ترین عرصے میں ان کو اقتدار میں لانے کا گناہِ عظیم کرنے والی قوتیں بھی اب ان سے چھٹکارا حاصل کرنے کی کوششوں میں جٴْت گئی ہیں، پی پی رہنماؤں نے ملک کی تمام محب وطن عوامی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ عوام دشمنی اور مہنگائی کے ایک نکاتی ایجنڈے پر تمام جماعتیں اکٹھی ہوکر عمران خان کی اس ملک و عوام دشمن حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کریں پورے ملک کی عوام انکے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات