Live Updates

وزیراعظم عمران خان کے عوام سے کیے گئے جھوٹے وعدے

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام پر اب تک مہنگائی کے کئی بم گرا چکی ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 2 اپریل 2019 12:46

وزیراعظم عمران خان کے عوام سے کیے گئے جھوٹے وعدے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 اپریل 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے سے قبل عمران خان نے قوم سے کئی وعدے کیے جو حکومت میں آنے کے بعد وفا نہ ہو سکے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقتدار میں آنے کے بعد سے عوام پر مہنگائی کے کئی بم گرا چکی ہے جس سے عوام بھی خاصی پریشان دکھائی دیتی ہے۔ عام انتخابات 2018ء سے کچھ ماہ قبل پاکستان تحریک انصاف کی ویب سائٹ پر ایک ترانہ شئیر کیا گیاجس میں اقتدار میں آنے کے بعد پٹرول کی قیمت میں کمی لانے کا وعدہ کیا گیا تھا کیونکہ پی ٹی آئی کواحساس ہے کہ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی بڑھتی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کو عام انتخابات 2018ء میں زبردست کامیابی ہوئی جس کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تو بن گئی لیکن گذشتہ سات ماہ کے دوران پٹرول کی قیمت میں تین مرتبہ اضافہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف نے ٹیکس میں کمی لانے کا بھی وعدہ کیا تھا لیکن یہ وعدہ بھی وفا نہ ہو سکا اوراُلٹا ٹیکس میں اضافہ کر دیا گیا۔ چند ماہ کے دوران پٹرول پر سیلز ٹیکس آٹھ فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کر دیا گیا۔

جبکہ پٹرولیم لیوی چالیس فیصد بڑھا پر چودہ روپے فی لٹر کر دی۔عالمی مارکیٹ میں تو خام تیل مہنگا نہیں ہوا لیکن حکومت نے پٹرول ساڑھے فیصد تک مہنگا کر دیا۔ گیس کی قیمت جس میں گذشتہ چار برس سے اضافہ نہیں ہوا تھا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے گیس کی قیمتوں میں 143 فیصد اضافہ کر دیا۔ دوسری جانب بجلی کی قیمت میں بھی مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

جس میں حکومت مزید اضافے کی تیاری بھی کر رہی ہے۔ حکومت نے جہاں اتنی چیزیں مہنگی کیں وہاں ایک چیز سستی بھی کی اور اتنی سستی کے اس کی قیمت میں کمی کا سلسلہ ہے کہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا اور وہ چیز ہے پاکستانی کرنسی۔پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قیمت میں 14 فیصد کمی ہوئی۔ یہی نہیں بلکہ مہنگائی کی شرح بھی چھ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ پی ٹی آئی اقتدار میں آنے سے قبل عوام سے کیے گئے اپنے وعدے وفا نہیں کر سکی اور عوام ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ساتھ مہنگائی کے بوجھ تلے دبتی ہی جا رہی ہے۔ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر عوام کا شدید رد عمل مستقبل میں حکومت کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات