Live Updates

ملک میں پٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے ہر چیز کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے،سینیٹر مشتاق احمد خان

اضافہ غریب عوام کے جیبوں پر انصاف کے دعویداروں کا بڑا ڈاکہ ہے، حکومت ایک لیٹر پر 60روپے کما رہی ہے، اضافہ واپس نہ لیا گیا تو عوام اپنا حق چھیننے کیلئے پارلیمنٹ کاگھیرائو کرینگے، امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا

منگل 2 اپریل 2019 18:46

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2019ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا اور سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے۔ کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے ہر چیز کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ اضافہ غریب عوام کے جیبوں پر انصاف کے دعویداروں کا بڑا ڈاکہ ہے، حکومت ایک لیٹر میں غریب عوام سے ساٹھ روپے کما رہی ہے۔ملک مہنگائی، بے حیائی ور عریانی کے دلدل میں دھنس چکا ہے۔

غریب بھاری ٹیکسوں کے باعث خود کشیاں کر رہا ہے۔مزید ٹیکس عوام کیلئے ناقابل برداشت ہوچکے ہیں ، پٹرول قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو عوام اپنا حق چھیننے کیلئے پارلیمنٹ کا گھیرائو کرینگے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ، مہنگائی، بے روزگاری اور بھاری ٹیکسوں کے خلاف ایک بڑے احتجاجی مظاہرے اور مردان پریس کلب کے سامنے احتجاجی جلسے سے خطاب کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

اس دوران ضلعی امیر مولانا سلطان محمد ، ضلعی جی ایس سعید اختر ایڈوکیٹ ، جے آئی یوتھ ضلعی صدر ضیاء الرحمان ، سابق امیر مولانا فضل اللہ ، سیکریٹری اطلاعات عماد اکبر ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری منظور الحق اور عاشق حسین نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جن نعروں اور دعووں اور آئین اور منشور پر عوام کو دھوکا دے کر اقتدار میں آئی ہے ۔

آج خود ان کی نفی کر رہی ہے۔ سابق دور میں پی ٹی آئی نے بجلی ،گیس ،پٹرول ،بھاری ٹیکسوں پر سابق وزیر اعظم کے خلاف دھرنے اور جلسے کر کے ووٹ لئے لیکن آج خود عمران خان سابق حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں ۔مشتاق احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہیں غریب عوام کو بھاری ٹیکسوں کے دلدل میں دھنسا دیا ہے۔ غربت اور بے روزگاری زوروں پر ہے ۔

صحت اور تعلیم کے شعبوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ تعلیم مہنگی اور طلباء کے لئے مسائل کھڑے کر کے ملک اور قوم کے مستقبل سے کھیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول میں اضافے کے ساتھ اشیائے خورد و نوش اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔امیر صوبہ نے کہا کہ عمران خان بھاری ٹیکس مسلط کر کے آگ سے کھیل رہے ہیں ۔ جبکہ بے بسی کے شکار غریب عوام کی ذہنی بیماریوںاور خودکشیوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کاہ کہ ایک ماہ میں حکومت نے فی لیٹر پٹرول میں دس روپے اضافہ کیا۔ اور یوں حکومت پی لیٹر صاف روپے کما رہی ہے۔جبکہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران مہنگائی میں پانچ سوگنا اضافہ کیا گیا ہے۔حکومت مکمل طور پر فلاپ ہوچکی ہے۔ ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے دعوے تو ڈھونگ ثابت ہوئے ۔ لیکن عوام کو انصاف ، تعلیم ،صحت ، مکانات ، روزگار دینے اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے نام پر بھی تاریخ پہ تاریخیں دیں جارہی ہیں ۔

موجودہ صوبائی اور وفاقی حکمران عوام پر عذاب کی طرح مسلط ہیں ۔ اور عوام موجودہ حکمرانوں کی مظالم دیکھ کر سابق حکمرانوں کے مظالم بھول چکے ہیں ۔ملک کو وزراء اور اراکین پارلیمنٹ کا ملک بن چکا ہے۔ غریب کے لئے کوئی سہولت موجود نہیں ہے۔ حکومت مظالم کے باعث ذہنی تناو کی بیماریاں اور خود کشیاں عام ہوچکی ہیں ۔عوام مزید عذاب کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

اور حکومت کے خلاف میدان میں نکلنے کے لئے تیار بیٹھے ہیں ۔ حکمرعوام دشمن اور اسلام دشمن اقدامات کے زریعے خود اپنے لئے قبر کود رہی ہے۔ حکومت نے رہے سہے ملک کو بھکاری میں تبدیل کر لیا ہے۔سعودی عرب، چین ،عرب اماارت آئی ایم ایف اور دیگر ممالک سے لینے والے قرضے کہا ں گئے۔ حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے اور جلد از جلد عوام دشمن پالیسیاں بند نہیں کئے تو جماعت اسلامی جلد ان کے خلاف سڑکوں پر ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات