راجن پور، وزیراعلیٰ بلوچستان کی وزیراعلیٰ پنجاب کی آبائی رہائش گاہ آمد، والد کی وفات پر اظہار تعزیت

منگل 2 اپریل 2019 19:46

راجن پور، وزیراعلیٰ بلوچستان کی وزیراعلیٰ پنجاب کی آبائی رہائش گاہ ..
راجن پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام میر کمال خان کی بارتھی میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی آبائی رہائش گاہ آمد، وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ان کے والد سردار فتح محمد خان بزدار کی وفات پر اظہار تعزیت۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور ان کے وفد نے سردار فتح محمد خان بزدار کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی، مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام محمد کمال نے مرحوم کی سماجی و سیاسی میدان میں خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سردار فتح محمد خان بزدار مرحوم قدر آور سیاسی و سماجی شخصیت تھے، علاقے کے لوگو ں کی فلاح وبہبود کیلئے مرحوم کی خدمات تا دیر یاد رکھی جائیں گی، انکی علاقے کیلئے تعلیمی، فلاحی اور سیاسی خدمات ناقابل فراموش ہیں، انکے انتقال سے قبائلی علاقہ ایک شفیق بزرگ سے محروم ہو گیا ہے، مرحوم کی تعلیمی، سیاسی اور سماجی خدمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں جو ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتی رہیں گی۔

(جاری ہے)

بلوچستان سے تعزیت کیلئے آنے والے وفد میں ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی بابر موسیٰ خیل، سینیٹر منظور کاکڑ، صوبائی وزراء زمرک خان اچکزئی، سردار عبدالرحمٰن کھیتران ، میر نصیب اللہ، میر سکندر علی عمرانی، مشیر مبین خلجی اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔اس موقع پراراکین اسمبلی جاوید اخترلنڈ، خواجہ داؤد، سابق رکن اسمبلی سردار سیف الدین کھوسہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب محمد اعجاز آحمد جعفر، کمشنر طاھر خورشید، آر پی او محمد عمر شیخ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔