Live Updates

بجٹ سے پہلے مہنگائی کاطوفان عوام پر حکومت کا بدترین ظلم ہے،سلیکٹڈ وزیراعظم کی سونامی نے عوام کوبدحال کردیا، ایم ساجد عباسی

عمران خان اور ان کے وزراء نی20کروڑ عوام کو مہنگائی،لوٹ کھسوٹ اور خودکشیوں کے سواکچھ نہیں دیا، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ(ن) اسلام آباد

منگل 2 اپریل 2019 21:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2019ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آبادکے جنرل سیکرٹری و چیئرمین میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد ایم ساجد عباسی نے کہاہے کہ سلیکٹڈوزیراعظم کی سونامی نے عوام کو بدحال کردیاہے، کٹھ پتلی حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے تباہی کے دروازے کھول دئیے ہیں، بجٹ سے پہلے مہنگائی کا طوفان عوام پر حکومت کا بدترین ظلم اور بجلی ،گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہاکہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں پہلے ہی ہوشربا اضافہ کیاجاچکاہے اور اب پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرکے عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے کی کوشش نہ کی جائے،نئے پاکستان نے غریب عوام کی چیخیں نکلوادی ہیں،مہنگائی اور بے روزگاری میں انتہائی اضافہ ہواہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایک جانب عوا م کوتیل نکالنے کی خوشخبری سنائی جارہی ہے اور دوسری جانب تیل کی قیمتوں میںاضافہ عوام کا تیل نکالنے کے م ترادف ہے، عوام میں مزید مہنگائی برداشت کرنے کی سکت نہیں ہے،غربت کی چکی میں پس کر عوام کو پہلے ہی بے حال کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ چند ماہ میں ہی نئے پاکستان کے دعویداروں نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے،عوام نان شبینہ کو ترس رہے ہیں ،حالیہ پٹرولیم مصنواعات میںا ضافہ عوام دشمن پالیسی ہے عوام اب پی ٹی آئی کو ووٹ دے کر پچھتا رہی ہے ۔مسلم لیگی رہنما ایم ساجد عباسی نے کہاکہ تحریک انصاف کے نئے پاکستان نے توعوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری میں انتہائی اضافہ ہواہے،ڈالر کی اڑان اونچی سے اونچی ہوتی چلی جا رہی ہے جبکہ روپیہ کی قیمت دن بدن گر رہی ہے،افراط ِ زر بڑھ رہاہے اور حکمران اب بھی اپوزیشن جیسی بڑھکیں مارنے میں مصروف ہیں، عمران خان اور ان کے وزراء نی20کروڑ عوام کو مہنگائی،لوٹ کھسوٹ اور خودکشیوں کے سواکچھ نہیں دیا،آئے روز سوئی گیس،بجلی اور تیل کے نرخوں میں اضافہ کرکے غریب عوام کا خون چوس رہے ہیں،مگر ان کو علم نہیں کہ ظلم ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتاہے،بدمعاشی اور غنڈہ گردی سے حکومت نہیں چلتی ہے۔

جنرل سیکرٹری مسلم لیگ(ن)اسلام آباد و چیئرمین میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد ایم ساجد عباسی نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت غریب عوام کے زخموں پرمرہم رکھے نہ کہ ان کے مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں مزید اضافہ کرے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات