۵حکومت ہر ماہ تیل ، گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر مہنگائی کا ڈرون حملہ کردیتی ہے،سینیٹر سراج الحق

منگل 2 اپریل 2019 23:07

۵حکومت ہر ماہ تیل ، گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر مہنگائی کا ..
لاہور /ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مکہ مکرمہ سے جاری اپنے بیان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیاہے اور کہاہے کہ حکومت ہر ماہ تیل ، گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھا کر عوام پر مہنگائی کا ڈرون حملہ کردیتی ہے جبکہ چور لٹیرے اور قومی دولت لوٹنے والے اسی طرح دندناتے پھرتے ہیں ۔

حکومت اپنے ماہانہ اخراجات کم کر نے کی بجائے ہر ماہ تیل ، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کی خون پسینے کی کمائی لوٹ لیتی ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت ٹیکس جمع کرنے اور ٹیکسیشن نظام کو بہتر بنانے کے بڑے دعوے لے کر آئی تھی مگر جو ٹیکس پہلے جمع ہورہا تھا ، اس میں تیزی آنے کی بجائے مزید 230 ارب روپے کی کمی ہوچکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عام آدمی کے لیے جان لیوا مہنگائی کی وجہ سے جسم و جان کا رشتہ قائم رکھنا محال ہوگیاہے ۔

حکومت نے روپے کی قدر میں 38 فیصد کمی کر دی ہے جس سے عام آدمی کی قوت خرید ختم ہو کر رہ گئی ہے اور متوسط طبقہ کی کمر ٹوٹ گئی ہے ۔ حکومت کے ظلم کا سب سے زیادہ شکار وہ سفید پوش طبقہ ہوا ہے جو اب تک اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھے ہوئے تھا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور عام آدمی پر مہنگائی کا اتنا بوجھ نہ ڈالے جس کی وجہ سے جسم و جان کا رشتہ قائم رکھنا عوام کے لیے مشکل ہو جائے ۔