سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی

جمعرات 4 اپریل 2019 18:42

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری پر پارلیمانی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ سپیکر نے یہ پارلیمانی کمیٹی 21 فروری 2019ء کو قومی اسمبلی اور یکم مارچ 2019 کو سینیٹ میں پاس کی گئی تحریک کی روشنی میں تشکیل دی ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق یہ کمیٹی سی پیک کے منصوبوں کی نگرانی اور دیگر امور کا جائزہ لے گی۔

منصوبوں کی مانیٹرنگ اور عملدرآمد کے ساتھ ساتھ ان کی بروقت تکمیل کے حوالے سے بھی سفارشات بھی مرتب کرے گی۔ اس کے علاوہ یہ کمیٹی وقت اور لاگت میں کمی اور عوام کے لئے بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے تجاویز بھی دے گی۔ اس کے علاوہ وفاق میں سی پیک پر اتفاق رائے کے اقدامات اٹھائے گی۔

(جاری ہے)

یہ کمیٹی سہ ماہی رپورٹ مجلس شوریٰ کے دونوں ایوانوں میں پیش کرے گی۔

یہ کمیٹی قواعد و ضوابط و طریقہ کار بھی تشکیل دے گی۔ کمیٹی میں نور عالم خان، شیر علی ارباب، صداقت علی خان، عمر اسلم خان، میر خان محمد جمالی، ظل ہما، غوث بخش خان مہر، احسن اقبال چوہدری، مرتضیٰ جاوید عباسی، سید عمران احمد شاہ، مہناز اکبر عزیز، رضا ربانی کھر، زاہد اکرم درانی اور محمد اسلم بھوتانی شامل ہیں جبکہ سات سینیٹروں کو بھی کمیٹی میں شامل کیا جائے گا جن کے نام چیئرمین سینیٹ بھجوائیں گے۔