پیپلز پارٹی کے کاروان بھٹو ٹرین مارچ سے حکومتیں نیندیں اڑ گئی تھیں،سیدہ شہلا رضا

جمعہ 5 اپریل 2019 18:01

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2019ء) صوبائی وزیر ترقی نسواں شہلا رضا نے کہا ہے کہ حکومت کو وارننگ دی ہے تحریک بھی چلائیں گے، پیپلز پارٹی ہی تحریک چلانا جانتی ہے ہم نے ضیاء کی آمریت کے خلاف تحریکیں چلائی ہیں ،مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، سود خوری کے خلاف بھی قانون بنا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے وومن ڈولپمنٹ آفیس جیکب آبادمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی سی غضنفر علی قادری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وومن ڈولپمنٹ خالدہ سومرو، ایڈوکیٹ شوکت سولنگی،پیپلز پارٹی کی میڈم قمر بانو،فریدہ جمالی، آسیہ پٹھان، سماجی رہنما منظور جلبانی، گل بلیدی و دیگر بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ناکام ہوچکے ہیں، مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے ، چور حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں ، پیپلز پارٹی کے کاروان بھٹو ٹرین مارچ سے حکومتیں نیندیں اڑ گئی تھیں، 8مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر نکالی گئی ریلی میں متنازعہ پلے کارڈ اٹھانے والے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر ترقی نسواں شہلا رضا نے کہا کہ ہم نے بھی خواتین کے عالمی دن پر ریلی نکالی تھی جس میں مختلف این جی اوز نے بھی شرکت کی ہمارا نعرہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار کیا جائے تھا اس کے علاوہ کوئی نعرہ نہیں تھا ہمارے ملک میں جمہوریت ہے گفتار،تحریر اور تقریر پر کوئی پابندی نہیں اس لیے کچھ این جی اوز نے اپنی طرف سے ریلی نکالی جس میں ایسے نعرے درج تھے ہم کسی پر پابندی نہیں لگا سکتے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خواتین کو حراساں کرنے کے قانون کا غلط استعمال نہیں ہورہا کیوں کہ جہاں یہ واقعہ ہوتا ہے وہاں پہلے کمیٹی بنائی جاتی ہے اس کے بعد اگر کوئی مطمین نہیں تو محتسب اعلیٰ سے رجوع کرسکتا ہے اس کے بعد گورنر سے رجوع کرسکتا ہے۔