بلاول بھٹو کو اپنا نام بدل کر بلاول بے نظیر رکھ لینا چاہیے،غنویٰ بھٹو

بلاول بھٹو زرداری کی ممانی غنویٰ بھٹو نے بلاول بھٹو کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خواتین کے حقوق کی بات کرتے ہیں تو اپنا نام بھی بلاول بے نظیر رکھ لیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 6 اپریل 2019 23:33

بلاول بھٹو کو اپنا نام بدل کر بلاول بے نظیر رکھ لینا چاہیے،غنویٰ بھٹو
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین6-اپریل2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چئیرپرسن غنویٰ بھٹو نے جمعرات کے روز کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیر مین بلاول بھٹو کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ خواتین کے حقوق کی بات کرتے ہیں تو اپنا نام بھی بلاول بے نظیر رکھ لیں۔ انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری پر الزام لگایا ہے کہ انکے خاوند مرتضیٰ بھٹو کو آصف علی زرداری نے قتل کروایا اور انہوں نے کہا کہ لالچ ختم ہو جائے تو ٓصف علی زرداری بھی ساتھ ہی ختم ہو جائیں گے۔

جمعرات کے روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غنویٰ بھٹو نے کہا کہ بلاول جتنی بھی کوشش کر لے وہ بھٹو نہیں بن سکتا۔ غنویٰ بھٹو نے کہا کہ بلاول لاکھ کوششیں کر لے وہ کبھی بھی ذولفقار علی بھٹو نہیں بن سکتا۔

(جاری ہے)

غنویٰ بھٹو کے خطاب کے دوران فاطمہ فاطمہ کے نام کے نعرے لگتے رہے۔ غنویٰ بھٹو بے نظیر بھٹو کے بھائی اور ذولفقار علی بھٹو کے بیٹے مرتضیٰ بھٹو کی بیوہ ہیں اور ان کے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے ساتھ خاندانی اور سیاسی اختلافات بھی موجود ہیں۔

غنویٰ بھٹو پاکستانی سیاستدان ہیں البتہ مرتضی بھٹو سے شادی سے پہلے وہ لبنان میں رہتی تھیں اور1997 میں انہوں نے نصرت بھٹو کے خلاف الیکشن بھی لڑا تھا جس میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ غنویٰ بھٹو اور آصف علی زرداری کے اختلافات کے بارے میں کئی بار بات کی گئی ہے لیکن وہ کبھی بھی کھل کر سامنے نہیں آئیں۔ وہ کراچی میں رہائش پزیر ہیں اب جمعرات کے روز انہوں نے بلاول بھٹو زرداری پہ تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کبھی بھٹو نہیں بن سکتا۔ ان کے خطاب کے دوران ہال میں مرتضیٰ بھٹو کی پہلی بیوی سے بیٹی فاطمہ کے نام کے نعرے لگتے رہے یاد رہے کہ فاطمہ بھٹو ایک لکھاری ہیں اور انہیں غنویٰ بھٹو نے ہی پالا ہے اور وہ ان کے ساتھ ہی کراچی میں رہتی ہیں۔