وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعلیٰ آفس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراختر مینگل کی قیادت میں وفدکی ملاقات

اتوار 7 اپریل 2019 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراختر مینگل کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی ۔سردار اختر مینگل اوران کے وفد کے اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ان کے والد سردار فتح محمد خان بزدار کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ۔

سردار اختر مینگل اوران کے وفد نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے دلی ہمدردی اوراظہارتعزیت کیا۔سردار اختر مینگل اوران کے وفد کے اراکین نے سردار فتح محمد خان بزدار مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ سردار اختر مینگل اوران کے وفد نے سردار فتح محمد خان بزدار کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے اور بلوچستان میں بسنے والے ہمارے بھائی ہیں ۔

بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان بھی آگے بڑھے گا۔ انہوںنے کہا کہ نئے پاکستان میں بلوچستان کے عوام کی ترقی کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے ۔ہم سب نے ملکرپاکستان کو خوشحال ملک بنانا ہے ۔ملاقات کرنیوالوں میں سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمال دینی،ثناء اللہ بلوچ، اکبر مینگل،ملک نصیر شاہوانی، احمد نواز بلوچ،ہاشم،ایمل کلماتی ،اختر حسین اوردیگر شخصیات شامل تھیں۔