جعلی اکائونٹس کیس کی کراچی سے اسلام آباد منتقلی غیر آئینی ہے، لطیف کھوسہ

اگر نیب خود مختار ہے تو وزیراعظم اور وزرا ء کو کیسے خبر ہوتی ہے نیب کس کو گرفتار کریگا یا کس کے خلاف کارروائی کریگا، قمر زمان کائرہ

پیر 8 اپریل 2019 15:27

جعلی اکائونٹس کیس کی کراچی سے اسلام آباد منتقلی غیر آئینی ہے، لطیف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ جعلی اکائونٹس کیس کی کراچی سے اسلام آباد منتقلی غیر آئینی ہے۔ پیر کو احتساب عدالت میں سماعت کے دور ان صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی رہنما لطیف کھوسہ نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبائی خودمختاری آئین کی روح ہے اور جرائم کا معاملہ صوبائی نوعیت کا ہوتا ہے اسلئے ہماری نظر میں سماعت کی اسلام آباد منتقلی غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قمر زماں کائرہ نے کہاکہ آج پہلی سماعت تھی جس میں عدالت نے نیب پر برہمی کا اظہار کیا کیوں کہ نیب کی کوئی تیاری نہیں تھی۔انہورںنے کہاکہ ایف آئی اے تفتیش کو ریفرنس تسلیم کرلیا گیا ہے جس پر عدالت نے نیب کو ہدایت کی کہ باقاعدہ ریفرنس فائل کریں جبکہ نیب نے باربار درخواست بھی کی کہ ہمیں وقت دیا جائے۔انہوںنے کہاکہ اگر نیب خود مختار ہے تو وزیراعظم اور ان کے وزرا کو کیسے خبر ہوتی ہے کہ نیب کس کو گرفتار کرے گا یا کس کے خلاف کارروائی کرے گا۔سینیٹر رحمن ملک نے 2 خواتین کارکنان کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا وہ خواتین دہشتگرد تھیں جو اتنا جارحانہ رویہ اختیار کیا گیا۔