لاہورہائیکورٹ میں جماعت الدعو ةاور ذیلی تنظیم کے اثاثے منجمد کرنے کیخلاف درخواست 18اپریل کو سماعت کیلئے مقرر

کیس انتہائی اہم ، اٹارنی جنرل پاکستان خود پیش ہونا چاہتے ہیں ،16کی بجائے کوئی اور تاریخ مقرر کی جائے ‘اسسٹنٹ اٹارنی جنرل

پیر 8 اپریل 2019 16:26

لاہورہائیکورٹ میں جماعت الدعو ةاور ذیلی تنظیم کے اثاثے منجمد کرنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کی جانب سے جماعت الدعوة اور اسکی ذیلی تنظیم فلاح انسانیت فائونڈیشن کے اثاثے منجمد کرنے کے خلاف حافظ سعید اور وفاقی حکومت کی متفرق درخواستوں کو 18 اپریل کو سماعت کے لیے مقرر کردیا۔ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس امین الدین خان نے وفاقی حکومت کی متفرق درخواست پر جماعت الدعو اور فلاح انسانیت کے اثاثے منجمد کرنے کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سعدیہ ملک عدالت میں پیش ہوئیں۔انہوں نے عدالت عالیہ کو بتایا کہ تنظیم کے سربراہ حافظ سعید نے جماعت الدعوة اور فلاح انسانیت کے اثاثے حکومتی تحویل میں لینے کے اقدام کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سعدیہ نے عدالت کو مزید بتایا کہ عدالت نے اس کیس میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو نوٹس جاری کررکھے ہیں۔

کیس انتہائی اہم ہے، اٹارنی جنرل آف پاکستان اس کیس میں خود پیش ہونا چاہتے ہیں جبکہ وہ 16 اپریل کو مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔انہوں نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ حافظ سعید کی درخواست کی سماعت کے لیے کوئی اور تاریخ مقرر کی جائے، جس پر عدالت عالیہ نے مرکزی کیس کو 18 اپریل کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔خیال رہے کہ 4 مارچ 2019ء کو وفاقی حکومت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے پابندی کے شکار افراد اور تنظیموں کو کنٹرول میں لے کر ان کے اکاونٹ منجمد کرنے کے لیے سلامتی کونسل آرڈر 2019 جاری کیا تھا۔

جس کے بعد سکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے حماد اظہر اور مفتی عبدالرف سمیت کالعدم تنظیموں کے 44افراد کو اصلاحی حراست میں لے لیا تھا۔بعد ازاں 6مارچ کو وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں صوبہ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متعلقہ حکومتوں نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوة اور اس کی ذیلی تنظیم فلاح انسانیت فاونڈیشن کے کئی مدارس اور اداروں کو اپنے انتظام میں لے لیا تھا یا پھر سیل کردیا تھا۔اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے ماتحت محکمہ اوقاف نے وفاقی دارالحکومت میں کالعدم تنظیموں کے زیر انتظام مساجد و مدارس کا انتظام سنبھال لیا۔