وسیم اکرم،وقار یونس ، رمیز راجہ اوربازید خان نے ورلڈ کپ کے لیے اپنا اپنا سکواڈ چن لیا

جارح مزاج بلے باز آصف علی تمام سابق کرکٹرز کے سکواڈ میں شامل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر اپریل 16:44

وسیم اکرم،وقار یونس ، رمیز راجہ اوربازید خان نے ورلڈ کپ کے لیے اپنا ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8اپریل 2019ء) قومی ٹیم کے تین سابق کپتانوں وسیم اکرم،وقار یونس اور رمیز راجہ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کمنٹیٹر بازید خان نے روا ں سال مئی سے انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کے لیے متفقہ طور پر 9کھلاڑیوں کو اپنے سکواڈ میں شامل کیا ہے ۔ ان تمام کھلاڑیوں نے حیران کن طور پر جار ح مزاج بلے باز آصف علی کو اپنے سکواڈ میں شامل کیا جو پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں سب سے زیادہ چھکے (26) لگانے کے ساتھ ساتھ بہترین سٹرائیک ریٹ (182.46) کے ساتھ بلے باز ی کرچکے ہیں ۔

27سالہ آصف علی نے آخری مرتبہ گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کے نمائندگی کی تھی اور آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں ان کی کمی قومی ٹیم کو شدت سے محسوس ہوئی جہاں آخری 10اوور ز میں قومی بیٹنگ لائن اپ میں کوئی تیز کھیلنے والا کھلاڑی موجود ہی نہیں تھا،چارو ں سابق کرکٹرز کے سکواڈ میں مشترکہ طور پر موجود دیگر کھلاڑیو ں میں اوپنرز فخر زمان،امام الحق،بابر اعظم، کپتان سرفراز احمد، آل راﺅنڈر فہیم اشرف، فاسٹ باﺅلر حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل تھے،ماضی کے ان تمام کرکٹرز نے یاسر شاہ، شان مسعود اور عثمان شنواری میں سے کسی کو بھی اپنے سکواڈ میں شامل نہیں کیا حالانکہ عثمان شنواری نے آسٹریلیا کے خلاف آخری ون ڈے میں 4شکار کیے تھے اور ان کی ون ڈے کرکٹ میں باﺅلنگ اوسط20سے کم ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ٹیم مینجمنٹ 23کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لینے کے بعد18اپریل کو ورلڈ کپ کے لیے سکوا ڈ کا اعلان کریگی، انٹر نیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) کے قوانین کے مطابق تمام ٹیموں کو 30اپریل تک اپنے 15رکنی سکواڈ کو حتمی شکل دینی ہے تاہم کوئی بھی ٹیم22مئی تک آئی سی سی کی اجازت کے بغیر بھی اپنے سکواڈ میں تبدیلی کرسکتی ہے۔