آل کراچی جمعہ خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا آغاز

پیر 8 اپریل 2019 16:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2019ء) اسلامیہ سپورٹس فٹ بال کلب کورنگی کے زیر اہتمام ابراہیم پلے گرائونڈ (فٹ بال اسٹیڈیم ) کورنگی نمبر6 پر ’’ آل کراچی جمعہ خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ ‘‘ کا آغاز ہوگیا۔ مہمان خصوصی ضلع بے نظیر آباد (نوب شاہ) کے پروویژنل کمیٹی کے چیئرمین غلام بشیر لاشاری نے فٹ بال کو رسمی کک لگا کر کیا۔

اس موقع پر اسلامیہ سپورٹس کے شاکر علی خان، سیکرٹری ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ایسٹ کیپٹن عبید اللہ خان، ممبر اجمل خٹک، جنرل سیکریٹری اسلامیہ اسپورٹس محمد شاہد، صدر محمد الیاس،کوچ اشرف چنگیزی، سیکریٹری ینگ آزاد فٹ بال کلب کے علاوہ کھیلوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات موجود تھیں۔ افتتاحی معرکہ ہیڈ کوچ ناصر علی کی قیادت میں ضلع ملیر کے نوجوانوں پر مشتمل معروف ٹیم برما آفریدی نے مد مقابل ینگ تغلق لیاری کو شاندار مقابلے کے بعد پنالٹی ککس پر 5-4 سے مات دیکر افتتاحی میچ اپنے نام کرلیا ۔

(جاری ہے)

کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری جاوید بنگش، محمد سلیم اور سعید عالم نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر ایچ ایم حنیف تھے۔ قبل ازیں ٹورنامنٹ کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی غلام بشیر لاشاری نے کہاکہ کھیلوں کو فروغ دے کر نہ صرف صحت مند معاشرہ بلکہ قیام امن کو بھی یقینی بنا یا جاسکتا ہے۔ انہوں نے شاندار ایونٹ کے انعقاد پر اسلامیہ سپورٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے برما آفریدی کی جانب سے شاندار کھیل کے مظاہرے کو سراہا اور شاندار کھیل کے ذریعے افتتاحی میچ میں فتح حاصل کرنے پر برما آفریدی کے کپتان کو 5 ہزار روپے کیش انعام سے نواز۔