شہید ہارون بلور کے بیٹے نے عوامی نیشنل پارٹی سے استعفیٰ دے دیا

دانیال بلور کے پارٹی سے استعفے کی بلور خاندان نے بھی تصدیق کردی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 9 اپریل 2019 12:49

شہید ہارون بلور کے بیٹے نے عوامی نیشنل پارٹی سے استعفیٰ دے دیا
پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 اپریل 2019ء) : شہید ہارون بلور کے بیٹے نے عوامی نیشنل پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے شہید رہنما ہارون بلور اور رکن صوبائی اسمبلی ثمر بلور کے بیٹے دانیال بلور نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ دانیال بلور کے استعفے کی بلور خاندان نے بھی تصدیق کردی ۔ بلور خاندان کا کہنا ہے کہ پارٹی کے دو مرکزی عہدیداروں نے گھر میں آکر ان کو انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینے سے باز رہنے کا حکم دیا تھا۔

عوامی نیشنل پارٹی کے اندر انتخابات کا مرحلہ جاری ہے جس پر پہلے ہی کارکنان اور رہنماؤں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسفندیار ولی خان کو مرکزی قائد اور ان کے بیٹے ایمل ولی خان کو خیبر پختونخواہ اور ان کے سسر شاہی سید کو سندھ کا صدر منتخب کیا گیا جبکہ اسفندیار ولی خان کے بھانجے امیر حیدر خان ہوتی کو مرکزی صدر بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ اسفندیار کے ساتھ محض قائد لکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

دانیال بلور کا استعفیٰ بھی انٹرا پارٹی الیکشن میں اقربا پروری اور موروثی سیاست کا شاخسانہ ہے کیوں کہ وہ پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات کے عہدے کے لیے امیدوار تھے۔ اپنے استعفیٰ میں انہوں نے لکھا کہ پارٹی کی قیادت مجھے انٹرا پارٹی الیکشن سے روک رہی ہے حالانکہ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ الیکشن جمہوری انداز میں منعقد کیا جائے گا لیکن جب میں نے پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات کے عہدے کا الیکشن لڑنا چاہا تو پارٹی قیادت نے مجھے مخالف امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کا حکم دیا جو کہ میرے جمہوری حق کی خلاف ورزی ہے۔

دانیال بلور نے کہا کہ ہمارے خاندان نے عوامی نیشنل پارٹی کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہں لیکن اس کے باوجود مجھے انٹرا پارٹی الیکشن سے روکا گیا۔ اس لیے میں عوامی نیشنل پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔ یاد رہے کہ ہارون بلور شہادت سے قبل عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات تھے۔ اسی لیے دانیال بلور بھی پارٹی میں اپنے والد کا عہدہ حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ بلور خاندان کے ذرائع کے مطابق اسفند یار ولی خان کے بیٹے ایمل ولی خان اور میاں افتخار حسین نے دانیال بلور کے گھر میں آکر ان کو دوسرے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کا حکم دیا جس پر دانیال بلور نے دل شکستہ ہوکر استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق حاجی غلام بلور اور ایم پی اے ثمر بلور نے بھی دانیال بلور کے فیصلے کی حمایت کی ہے تاہم وہ اس وقت معاملے میں فریق نہیں بننا چاہتے۔