عوام نیشنل پارٹی کے نائب صدر غلام بلور کا پارٹی چھوڑنے پر غور

دانیال بلور کو پارٹی لیڈر شپ سے گلا ہے،اے این پی میں اب فیصلے ٹھونسے جا رہے ہیں، پارٹی کے لیے بے شمار قربانیاں دیں،سیاسی ورکر ہوں اگلے تین چار روز میں اپنے مستقبل کا فیصلہ کروں گا۔ اے این پی کے مرکزی سینئیر نائب صدرغلام بلور کی میڈیا سے گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 9 اپریل 2019 14:50

عوام نیشنل پارٹی کے نائب صدر غلام بلور کا پارٹی چھوڑنے پر غور
پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 اپریل 2019ء) : شہید ہارون بلور کے بیٹے نے عوامی نیشنل پارٹی سے استعفیٰ دے دیا اور اب اے این پی کے مرکزی سینئیر نائب صدر غلام بلور بھی پارٹی چھوڑنے پر غور کرنے لگے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دانیال بلور کے استعفیٰ کے معاملے ہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دانیال بلور کو پارٹی لیڈر شپش سے گلا ہے۔

دانیال اپنے والد ہارون بلور کی نشست پر کھڑا تھا۔انہوں نے مزید کہا اے این پی میں اب فیصلے ٹھونسے جا رہے ہیں۔ہم نے پارٹی کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ لیکن پارٹی قائدین اب ان قربانیوں کو بھی نہیں دیکھ رہے۔پارٹی میں پہلے جمہو ریت تھی اب نہیں ہے۔میں سیاسی ورکر ہوں اگلے تین چار روز میں اپنے مستقبل کا فیصلہ کروں گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے عوامی نیشنل پارٹی کے شہیدرہنما ہارون بلور اور رکن صوبائی اسمبلی ثمر بلور کے بیٹے دانیال بلور نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

دانیال بلور کے استعفے کی بلور خاندان نے بھی تصدیق کردی ۔ بلور خاندان کا کہنا ہے کہ پارٹی کے دو مرکزی عہدیداروں نے گھر میں آکر ان کو انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینے سے باز رہنے کا حکم دیا تھا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے اندر انتخابات کا مرحلہ جاری ہے جس پر پہلے ہی کارکنان اور رہنماؤں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسفندیار ولی خان کو مرکزی قائد اور ان کے بیٹے ایمل ولی خان کو خیبر پختونخواہ اور ان کے سسر شاہی سید کو سندھ کا صدر منتخب کیا گیا جبکہ اسفندیار ولی خان کے بھانجے امیر حیدر خان ہوتیکو مرکزی صدر بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ اسفندیار کے ساتھ محض قائد لکھا جائے گا۔

دانیال بلور کا استعفیٰ بھی انٹرا پارٹی الیکشن میں اقربا پروری اور موروثی سیاست کا شاخسانہ ہے کیوں کہ وہ پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات کے عہدے کے لیے امیدوار تھے۔ اپنے استعفیٰ میں انہوں نے لکھا کہ پارٹی کی قیادت مجھے انٹرا پارٹی الیکشن سے روک رہی ہے حالانکہ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ الیکشن جمہوری انداز میں منعقد کیا جائے گا لیکن جب میں نے پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات کے عہدے کا الیکشن لڑنا چاہا تو پارٹی قیادت نے مجھے مخالف امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کا حکم دیا جو کہ میرے جمہوری حق کی خلاف ورزی ہے۔