دہشت گرد جہاد کی غلط تشریح کر کے نوجوانوں کو گمراہ کرتے ہیں: ڈاکٹر طاہر القادری

ریاض میں میڈیا سے خصوصی گفتگو،آج 10اپریل کو او آئی سی سے خطاب کرینگے ًقائد منہاج القرآن سے سعودی عرب،امارات،مراکو،افغانستان،بنگلہ دیش کے وزراء کی ملاقاتیں ًاو آئی سی منتظمین کی درخواست پر منہاج القرآن کی عالمگیر خدمات پر بھی روشنی ڈالیں گے

منگل 9 اپریل 2019 22:03

دہشت گرد جہاد کی غلط تشریح کر کے نوجوانوں کو گمراہ کرتے ہیں: ڈاکٹر طاہر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ریاض سعودی عرب میں میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری جنرل او آئی سی کی خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت اور خطاب کیلئے ریاض آیا ہوں۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی عالم اسلام کا ایک دکھتا ہوا مسئلہ ہے، اس اہم موضوع کا عالم اسلام کے معتبر فورم پرزیر بحث آنا خوش آئند ہے اور اس حوالے سے خصوصی اجلاس کے انعقاد پر سیکرٹری جنرل او آئی سی اور دیگر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد جہاد کی غلط تشریح کر کے نوجوانوں کو گمراہ کرتے اور مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ جہاد کے حقیقی تصور پر ایک قابل قبول بیانیہ وضع کیا جائے تاکہ کوئی بھی اسلام کے تصورات کے حوالے سے گمراہ کن تشریحات کا سہارا نہ لے سکے ۔

(جاری ہے)

دہشت گردی نے پوری دنیا کو متاثر کیا تاہم اس کے منفی اثرات عالم اسلام پر سب سے زیادہ مرتب ہوئے، نقصان بھی عالم اسلام کا ہورہا ہے اور الزام تراشی کا رخ بھی عالم اسلام کی طرف ہے لہٰذا اب یہ ضروری ہو گیا ہے کہ عالم اسلام کے تمام ممالک سر جوڑ کر بیٹھیں اور اس مسئلے کا پائیدار حل تلاش کریں اور دنیا کی اس حوالے سے رہنمائی کریں کیونکہ اسلام انسانیت کے تحفظ اور امن کے قیام پر زور دیتا ہے اور اسلامی تعلیمات میں عالمی امن کا ایک واضح روڈ میپ موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 10اپریل کے خطاب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی علم و امن کے فروغ کے حوالے سے عالمگیر خدمات کا تفصیلی ذکر بھی ہو گا۔دریں اثناء قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے 9اپریل کو او آئی سی کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی، افتتاحی اجلاس سے خطاب کے دوران او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد نے انہیں خوش آمدید کہا، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے کانفرنس میں سعودی عرب،امارات، الجزائر، مراکو، بنگلہ دیش، افغانستان اور افریقہ کے وزراء، سفرا اور مندوبین نے ملاقاتیں کی اور منہاج القرآن کی عالمگیر امن کاوشوںاور انکی تصنیفات کو بے حد سراہا، اس موقع پر منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر غزالہ حسن قادری بھی ان کے ہمراہ ہیں، اجلاس میں مبصرین کی حیثیت سے شریک یورپی اور امریکی سفارتکاروں نے بھی ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کی۔