شریف فیملی سے متعلق حیران کن انکشافات سامنے آ رہے ہیں، وزیر اطلاعات کی پھر تنقید

آصف زرداری، شہبازشریف اور نواز شریف ایک ہی پیٹرن پر کام کر رہے تھے، پہلے پیسے باہر بھیجے گئے، پھر جعلی ٹی ٹی کے ذریعے واپس بھجوائے گئے، ن لیگ نے ہمیشہ کی طرح جھوٹ بولا ہے، نوازشریف کی سرگرمیوں پر عدالتوں کو نوٹس لینا چاہیے، ایمبولینس کی بجائے فضل الرحمان رائے ونڈ پہنچے ،میاں صاحب کو سیاسی آکسیجن دے رہے ہیں،2008سی2018 تک بیرونی قرضہ97ارب ڈالر تک جا پہنچا،ساٹھ ارب ڈالر کہاں چلے گئے پیسہ دو خاندانوں نے آپس میں تقسیم کیا ،پیسہ کو حوالہ اور ہنڈی سے باہر بھیجا گیا ، گھمایا گیا،جعلی اکائونٹس اور جعلی لوگ استعمال ہوئے،نواز شریف اور زرداری تماشے کے مرکزی کردار ہیں، گفتگو ، ٹوئٹ

منگل 9 اپریل 2019 23:15

شریف فیملی سے متعلق حیران کن انکشافات سامنے آ رہے ہیں، وزیر اطلاعات ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2019ء) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شریف فیملی سے متعلق حیران کن انکشافات سامنے آ رہے ہیں،آصف زرداری، شہبازشریف اور نواز شریف ایک ہی پیٹرن پر کام کر رہے تھے، پہلے پیسے باہر بھیجے گئے، پھر جعلی ٹی ٹی کے ذریعے واپس بھجوائے گئے، ن لیگ نے ہمیشہ کی طرح جھوٹ بولا ہے، نوازشریف کی سرگرمیوں پر عدالتوں کو نوٹس لینا چاہیے، ایمبولینس کی بجائے فضل الرحمان رائے ونڈ پہنچے ،میاں صاحب کو سیاسی آکسیجن دے رہے ہیں،2008سی2018 تک بیرونی قرضہ97ارب ڈالر تک جا پہنچا،ساٹھ ارب ڈالر کہاں چلے گئے پیسہ دو خاندانوں نے آپس میں تقسیم کیا ،پیسہ کو حوالہ اور ہنڈی سے باہر بھیجا گیا ، گھمایا گیا،جعلی اکائونٹس اور جعلی لوگ استعمال ہوئے،نواز شریف اور زرداری تماشے کے مرکزی کردار ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دور ان وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے ایک بار پھر شریف فیملی اور زر داری خاندان پر شدید تنقید کی ۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پچھلی حکومتوں میں سارے لوگ کرپشن میں ملوث نظر آرہے ہیں، خواجہ آصف، احسن اقبال اور دیگر لوگ بڑی کرپشن میں ملوث ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ آصف زرداری، شہبازشریف اور نواز شریف ایک ہی پیٹرن پر کام کر رہے تھے، پہلے پیسے باہر بھیجے گئے، پھر جعلی ٹی ٹی کے ذریعے واپس بھجوائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے مطابق ن لیگ کے کچھ رہنما میگا کرپشن میں ملوث ہیں، اللہ تعالی کے بعد عوام کی عدالت سب سے بڑی عدالت ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں بادشاہت ہوتی تو ہم بھی ہوٹل میں 200 بندوں کو اٴْلٹا لٹکاتے، پیسے واپس آ جاتے، یہاں آمریت یا بادشاہت نہیں اس لیے ہمیں قانون و آئین کے مطابق چلنا ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں بجلی اور گیس کے حوالے سے بات چیت ہوئی، لاہور اور اسلام آباد سمیت مختلف جگہوں پر گیس کی بِلنگ کے مسائل ہیں ،پاور سیکٹر میں بھی گیس کی بلنگ کے مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ایم این اے اور سابق وزیر بھی گیس چوری میں ملوث ہیں، حنا ربانی کھر 2 سال سے بجلی چوری کے کیس میں حکم امتناع پر ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ بجلی چوری میں اب تک 40 ارب روپے کے نقصانات روکے گئے ہیں، بجلی چوری میں محکمے کے 500 لوگ بھی ملوث پائے گئے ہیں جب کہ گیس کی چوری روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔قبل ازیں وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نواز شریف اتنے بیمار تھے کہ عدالت کو بتایا گیا اگر ضمانت نہ ملی تو جان کو خطرہ ہے۔

انہوںنے کہاکہ (ن )لیگ نے ہمیشہ کی طرح جھوٹ بولا ہے،عدالتوں کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایمبولینس کی بجائے فضل الرحمان وہاں پہنچنے اور میاں صاحب کو سیاسی آکسیجن دے رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ 1947سی2008تک پاکستان کا کل بیرونی قرضہ37ارب ڈالر تھا۔اس رقم سے اسلام آباد بنا،تربیلا اور منگلا ڈیم بنے،نیول بیسز بنے،فوج کو جدید ہتھیار ملے،گوادر بنا،موٹروے بنی جبکہ 2008سی2018 تک بیرونی قرضہ97ارب ڈالر تک جا پہنچا،سوال ہے کہ یہ 60ارب ڈالر کہاں چلے گئے۔

کیا یہ پیسہ دو خاندانوں نے آپس میں تقسیم کیا۔انہوں نے کہا کہ حدیبیہ فراڈ کا ماڈل دونوں خاندانوں نے بار بار استعمال کیا۔پیسہ کو حوالہ اور ہنڈی سے باہر بھیجا گیا اور گھمایا گیاجعلی اکائونٹس اور جعلی لوگ استعمال ہوئے۔نواز شریف اور زرداری اس تماشے کے مرکزی کردار ہیں۔