وومن یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات ہمارے مستقبل کی معمار ہیں،امان اللہ خان یاسین زئی

بلوچستان کے درخشندہ مستقبل کویقینی بنانے میں ہائر ایجوکیشن کی اہمیت و افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا،گورنر بلوچستان کاکانووکیشن سے خطاب

منگل 9 اپریل 2019 23:18

وومن یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات ہمارے مستقبل کی معمار ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2019ء) گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فرو غ اور خاص کر صوبے کے دو ر افتادہ علاقوں کی طالبات کے اذہان کو جدید علم و تحقیق سے روشن کرنے کے حوالے سے کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ وومن یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات ہمارے مستقبل کی معمار ہیں ۔

ضروری ہیں کہ وہ آگے آئیں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک و صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے بروئے کار لائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے دسویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وومن یونیورسٹی کے دسویں کانوکیشن میں فارغ التحصیل ہونے والے تقریباً سات سو طالبات میں گولڈ میڈلز اور اسناد تقسیم کیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر صاحبان ، پار لیمنٹرین سمیت والدین اور طالبات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔

وومن یونیورسٹی کے دسویں کانو وکیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ وومن یونیورسٹی میں طالبات کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کرچکی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بلوچستان کے درخشدہ مستقبل کویقینی بنانے میں ہائر ایجوکیشن کی اہمیت و افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ گورنر نے وومن یونیورسٹی کے دسویں کانووکیشن کے کامیاب انعقاد او ر تعلیمی ماحول کے فروغ کے حوالے سے وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر اور ان کی پوری ٹیم کی انتھک کاوشوں کو سراہا گورنر بلوچستان وومن یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات کو ان کی کامیابی اور سرخروئی پر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کی کامیابی میں والدین اور اساتذہ کرام کا بھی بڑا کردار ہے ۔

گورنر نے کہا کہ بلا شبہ وومن یونیورسٹی نے اپنی قلیل تعلیمی سفر میں قابل تعریف کامیابیاں حاصل کی ہیں تاہم اس کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا نام بنانے کے حوالے سے مزید کو ششیں کرنی باقی ہیں ۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان نے وومن یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات میں گولڈ میڈلز اور اسناد تقسیم کیے اور وائس چانسلر ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے خطبہ استقبالیہ دیا اور دسویں کا نووکیشن کے انعقاد پر روشنی ڈالی ۔