گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں فرسٹ ایڈ کے متعلق طالبات کے لئے 2 روزہ تربیتی ورکشاپ

بدھ 10 اپریل 2019 16:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2019ء) گورنمنٹ کالج فار و یمن یونیورسٹی فیصل آباد میں ریسیکیو1122کے اشتراک سے فرسٹ ایڈ کے متعلق طالبات کو آگاہی فراہم کرنے کیلئی2 روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ریسیکو1122کے انسٹرکٹرز نے طالبات کو آگ سے جل جانے، گاڑی یا کار حادثہ کی صورت میں زخمی ہونے، ناک سے خون بہنے یا زہریلے جانور کے کاٹنے کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کرنے کے طریقوں بارے آگاہی دی گئی ۔

انہوںنے بتایاکہ اگر کسی کو آگ لگی دکھائی دے تو فوری طور پر متاثرہ شخص کو بھاری کپڑے یا کمبل میں لپیٹ کر زمین پر لٹا دیا جائے جب تک اس کی آگ بجھ نہ جائے۔ انہوںنے بتایاکہ مریض کے متاثرہ کپڑے یا اس نے کسی بھی قسم کی جیولری ، گھڑی پہنی ہوئی ہو تو احتیاط کے ساتھ اسے بھی اتار دیا جائے، جلی ہوئی جلد کا معائنہ کر یں کہ کس درجہ تک جلی ہے تاکہ مریض کو ابتدائی طبی امداد دی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ فوری طور پر امدادی پٹی میں موجود جراثیم کش مرہم لگا دیں اگر مریض دوسرے درجے کے جلنے کا شکار ہے تو اسے مرہم نہ لگائیں اور نہ ہی ٹھنڈے پانی سے متاثرہ جلد کو دھوئیں۔ انہوںنے بتایاکہ ایسی پٹی لگائی جائے جو زخموں سے چپکنے والی نہ ہو اور اس کے بعد مریض کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا جائے۔ انہوںنے بتایاکہ فرسٹ ایڈ باکس ہر وقت گھر میں موجود ہونا چاہیے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں مریض کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ ورکشاپ آج 11اپریل بروز جمعرات کو بھی جاری رہے گی جس میں دیگر مختلف قسموں سے زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد دینے کے حوالہ سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔