یاسین ملک کی جموں سے نئی دہلی کی تہاڑ جیل منتقلی کی شدید مذمت

جمعرات 11 اپریل 2019 11:39

یاسین ملک کی جموں سے نئی دہلی کی تہاڑ جیل منتقلی کی شدید مذمت
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2019ء) مقبوضہ کشمیرمیںتحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین محمد یاسین ملک کی جموںسے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل منتقلی کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نئی دہلی کی ایک عدالت نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمدیاسین ملک کو ان کے خلاف درج ایک جھوٹے مقدمے میں پوچھ گچھ کیلئے 22 اپریل تک بدنا م زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے ’’این آئی اے‘‘ کی تحویل میں دیدیاہے ۔

اس سے قبل یاسین ملک کو نئی دہلی میں خصوصی جج کے سامنے پیش کرنے کیلئے جموں کی کوٹ بھلوال جیل سے نئی دلی کی تہاڑ جیل منتقل کیا گیا تھا۔ محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت کو حریت رہنمائوں کو ہراساں ، خوفزدہ اور گرفتار کرنے کی بجائے مسئلہ کشمیر کو بلا تاخیر حل کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت اور اس کی خفیہ ایجنسیاں حریت رہنمائوںکو صرف اس لئے نشانہ بنا رہی ہے کیونکہ وہ کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے کو نہ صرف عالمی برادری بلکہ خود بھارت نے بھی تسلیم کررکھا ہے ۔

اشرف صحرائی نے کہا کہ انتخابی فائدے کیلئے حکمران جماعت بی جے پی نے مقبوضہ کشمیرمیں ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار کر لی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نریندر مودی کی حکومت کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی اور حریت قائدین کو بدنام کرنے اوراپنے جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے بھارت کے عوام کو گمراہ کرنے کیلئے اپنی خفیہ ایجنسیوںکو استعمال کر رہی ہے ۔

تاہم تحریک حریت کے چیئرمین نے کہا کہ ان کارروائیوں کا کوئی جواز نہیں ہے اور ان سے مسئلہ کشمیر کی حیثیت کومتاثر نہیں کیا جاسکتا۔ ادھر جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے قائمقام چیئرمین عبدالحمید بٹ نے ایک بیان میں پارٹی کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی نئی دہلی کی تہاڑ جیل منتقلی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ جیل ہمارا دوسرا گھر ہے اور اس طرح کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیاجاسکتا جنہوںنے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوںنے افسوس ظاہر کیاکہ یاسین ملک کی معمر والدہ اور دو بہنیں جموںکی کوٹ بھلوال جیل میںان سے ملاقات کیلئے جموںگئی تھیں تاہم قابض انتظامیہ نے انہیں جموںسے نئی دہلی منتقل کردیا۔