امریکہ نے اپنے شہریوں کو 35 ممالک کے سفر سے خبردار کر دیا

امریکی محکمہ خارجہ کے غیر معمولی سفری انتباہ میں بھارت، پاکستان، ترکی، چین اور ایران شامل ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 11 اپریل 2019 11:48

امریکہ نے اپنے شہریوں کو 35 ممالک کے سفر سے خبردار کر دیا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 اپریل 2019ء) : امریکہ نے اپنے شہریوں کو 35 ممالک کا سفر کرنے کے حوالے سے خبردار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے غیر معمولی سفری انتباہ میں بھارت،پاکستان، ترکی، چین اور ایران شامل ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اس سفری انتباہ کے مطابق پاکستان میں امریکی شہریوں کو دو صوبوں میں جانے سے خبردار کرتے ہوئے کہا گیا کہ امریکی شہری پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان نہ جائیں۔

امریکہ نے اپنے شہریوں کے لیے آزاد کشمیر اور پاک بھارت سرحد بھی نوگو ایریاز قرار دے دئے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پاکستان میں امریکی شہریوں پر دہشت گردی اور اغواء کا خطرہ ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ایڈوائزی میں بھارت سے متعلق بھی انتباہ جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ بھارت میں امریکی شہری جنسی تشدد، جرائم اور دہشتگردی کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی شہری پاکستان کا سفر کرنے سے پہلے دوبارہ سوچیں، امریکی قونصلیٹ پشاور، اپنے شہریوں کو کوئی مدد فراہم نہیں کر سکے گا۔ ایڈوائزی میں کہا گیا کہ پاکستان، بھارت ممکنہ سرحدی کشیدگی کے خدشات ہیں، امریکی شہری پاک، بھارت سرحدی علاقوں سے دور رہیں۔ محکمہ خارجہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں کسی بھی ممکنہ دہشتگردی کے خطرات موجود ہیں۔ امریکی شہری پہلگام اور سری نگر جیسے علاقوں میں نہ جائیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ خطہ کشمیر میں امریکی شہری لائن آف کنٹرول سے بھی دور رہیں۔ خیال رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے اپنے شہریوں کو انتباہ ایک ایسے موقع پر جاری ہوا ہے جب پاکستان اور بھارت کے مابین حالات کشیدہ ہیں۔