سی ٹی ڈی کراچی نے جنداللہ کا مطلوب دہشت گرد گرفتار کرلیا

محمد اسحاق عرف گل کانام ریڈبک میں شامل ہے. سربراہ سی ٹی ڈی کراچی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 11 اپریل 2019 12:59

سی ٹی ڈی کراچی نے جنداللہ کا مطلوب دہشت گرد گرفتار کرلیا
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 11 اپریل۔2019ء) کاﺅنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم جنداللہ کے مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کرلیا، راجا عمرخطاب نے کہا محمد اسحاق عرف گل کانام ریڈبک میں شامل ہے. تفصیلات کے مطابق کاﺅنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم جنداللہ کے مطلوب دہشت گرد محمد اسحاق عرف گل کو گرفتار کرلیا،ملزم سے خودکش جیکٹ اور دستی بم برآمد کئے گئے ہیں.

انچارج سی ٹی ڈی راجا عمرخطاب کا کہنا ہے محمد اسحاق عرف گل کانام ریڈبک میں شامل ہے، ملزم افغانستان سے بلوچستان اور اندرون سندھ آیا اور کراچی میں بڑی دہشت گردی کی کاروائی کا ارادہ رکھتا تھا.

(جاری ہے)

راجا عمرخطاب کے مطابق اسحاق کالعدم لشکر جھنگوی کے عطاالرحمان عرف نعیم بخاری کا پڑوسی تھا، ملزم2006 میں کالعدم تنظیم جند اللہ میں شامل ہوا، افغانستان سے تربیت لی، گرفتارملزم کیخلاف متعدد مقدمات درج ہیں.

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے جنداللہ نے کراچی کے ہوٹل کے باہر 2 دھماکے کیے جبکہ پولیس اورقانون نافذکرنے والے اداروں پرحملے میں ملوث ہے، جند اللہ نے کراچی میں کور کمانڈر کراچی پر حملہ کیا تھا. سی ٹی ڈی انچارج کے مطابق محمداسحاق2008میں پولیس مقابلے کے بعدافغانستان فرارہوگیا تھا، گرفتاردہشت گرد کے کئی ساتھی ہلاک اور کئی گرفتار ہیں. یاد رہے چند روز قبل کے پی کے شہر ایبٹ آباد میں سی ٹی ڈی ہزارہ نے یہ اہم کارروائی کی اس موقع پر داعش کا نیٹ ورک چلانے والا مبینہ دہشت گرد مجیب الرحمان گرفتار کیا تھا،گرفتار مبینہ دہشت گرد کراچی اور پنجاب میں بڑی دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث تھا جن میں ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں، بینک ڈکیتیوں سمیت سنگین دہشت گردی کی وارداتیں شامل تھیں.

اس سے قبل کاﺅنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی کے علاقے سرجانی میں مختلف کارروائیوں میں 4 ٹارگٹ کلرز گرفتار کیا تھا، ٹارگٹ کلرز کا تعلق ایم کیو ایم لندن اور جماعت اسلامی سے بتایا گیاتھا.