حکومت نے امریکی ڈالر 150 روپے کرنے کا معاہدہ کر لیا

پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما سید خورشید شاہ کا دعویٰ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 11 اپریل 2019 14:20

حکومت نے امریکی ڈالر 150 روپے کرنے کا معاہدہ کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 اپریل 2019ء) : پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما سید خورشید شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے امریکی ڈالر 150 روپے تک لے جانے کا معاہدہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بھوکا مارنا چاہتی ہے۔ حکومت نے آئی ایم ایف کےساتھ ڈالر150 روپے کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے اور قوم سے یہ بات چھُپائی جا رہی ہے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ایک روٹی کھانے کا کہتی ہے۔ پیپلزپارٹی حکومت کے خلاف نکل پڑی ہے، اب عوام کی نہیں بلکہ حکمرانوں کی چیخیں نکلیں گی۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ہی یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ روپے کی مسلسل گھٹتی ہوئی قدر اور ڈالر کے مہنگا ہونے پر اسٹیٹ بینک متحرک ہو گیا ۔

(جاری ہے)

ایکس چینج کمپنیوں سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک سید عرفان شاہ نے ملاقات کی۔

ملاقات میں حکومتی نمائندوں کی جانب سے ڈالر کے ریٹ 150 روپے تک جانے کے بیانات سے عوام میں منفی پیغام پھیلنے، ڈالر کی قیمتوں کو پر لگ جانے اور روپے کی قدر میں مزید کمی اور ڈالر کے مارکیٹ سے غائب ہو جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ عرفان شاہ کا کہنا تھا کہ مارچ میں بڑی ادائیگیوں کی وجہ سے ڈالر کی طلب تھی، اب روپیہ مزید ڈی ویلیو نہیں ہوگا، نہ ہی حکومت کا ایسا کوئی ارادہ ہے، انٹربینک میں جب ڈالر کی طلب زیادہ ہوگی تو وقتی طور پر ڈالر کا ریٹ بڑھے گا جس کے بعد ریٹ خود بخود کم بھی ہوگا۔

قبل ازیں سید عرفان علی شاہ نے ملاقات میں دریافت کیا کہ فری مارکیٹ میں ڈالر مہنگا کیوں ہو رہا ہے، فری مارکیٹ میں ڈالر کی قلت کا بھی سامنا ہے، جس پر فاریکس ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر ملک محمد بوستان نے کہا کہ حکومت میں شامل افراد کے بیانات کی وجہ سے ڈالر کا ریٹ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے ایس بی پی کے ڈائریکٹر فارن ایکسچینج عرفان شاہ کو بتایا کہ حکومت کے ایڈوائزری کونسل کے رکن ڈاکٹر اشفاق حسن ڈالر کے 150 روپے تک جانے کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔

ملک بوستان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے وفد کے دورہ کرنے سے پہلے پانچ مارچ کو ڈالر 138.50 روپے کا تھا، ایک ماہ میں ڈالر تین روپے مہنگا ہوا، حکومت خود فری فلوٹ نظام کا اعلان کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حج و عمرہ سیزن میں عازمین حج کو تقریباً 6 ارب ڈالر کے مساوی زر مبادلہ درکار ہے، لیکن اب ڈالر کی ڈیمانڈ دن بہ دن بڑھ رہی ہے۔ واضح رہے کہ ملک کی معاشی صورتحال کے پیش نظر موجودہ حکومت کو عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف سے رجوع کرنا پڑا، آئی ایم ایف سے قرض حاصل کرنے کے لیے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی آئی ایم ایف حکام سے بات چیت جاری ہے۔