کراچی میں کروڑوں روپے کے ایک اور بے نامی اکانٹ کا سراغ مل گیا

عدالت نے ملزم کے 10 لاکھ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے

جمعرات 11 اپریل 2019 15:52

کراچی میں کروڑوں روپے کے ایک اور بے نامی اکانٹ کا سراغ مل گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2019ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے 36 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن کے ایک اور بے نامی اکائونٹ کا سراغ لگا لیا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔نصرت بھٹو کالونی کے رہائشی محمد ابراہیم کے اکائونٹ میں 36 کروڑ روپے کا انکشاف ہوا ہے جس سے متعلق مقدمے کی نقول عدالت میں جمع کرادی گئی ہیں۔

کراچی کسٹم عدالت میں ایف بی آر حکام نے ایک اور بے نامی اکائونٹ سے متعلق مقدمے کی نقول عدالت میں جمع کرادی۔ نصرت بھٹو کالونی کے رہائشی محمد ابراہیم کے اکائونٹ میں 36 کروڑ روپے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے مقدمہ درج کرکے محمد ابراہیم کے اکائونٹ میں 3 سال تک کون پیسے بھیجتا رہا اس کی تحقیقات شروع کردیں ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملزم کے 10 لاکھ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیئے ہیں۔ایف بی آر کے درج مقدمے کے مطابق محمد ابراہیم نامی شخص نے 2015 میں اکائونٹ کھولا۔ بے نامی اکائونٹ میں یکم جولائی 2015 تا 30 جون 2018 تک رقم منتقل کی گئی۔ 3 سالوں میں مجموعی طور پر 36 کروڑ 94 لاکھ سے زائد کی رقم جمع کرائی گئی۔ ملزم متعلقہ پتے پر دستیاب ہی نہیں۔ پتے پر بشیر احمد قادری نامی شخص دستیاب تھا۔ شبہ ہے کسی نے منی لانڈرنگ کے لیے اکائونٹ کھولا۔ مذکورہ اکائونٹ میں ماہانہ اوسط 2 کروڑ روپے جمع کرائے جاتے رہے۔ غریب علاقے کے شہری کے اکائونٹ میں اتنی بڑی رقم سے شکوک بڑھ رہے ہیں۔